امیدواروں کی رینک فہرست تیار ، دو تین دن میں جاری ہونے کے امکانات
حیدرآباد ۔ 22 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ریاست میں عنقریب نرسنگ آفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں پہونچ چکی ہیں ۔ عہدیداروں کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ گذشتہ سال منعقدہ نرسنگ آفیسرس امتحانات کے نتائج جاری کرنے کی تیاریاں تقریبا مکمل ہوگئی ہیں ۔ ریاست میں 40 ہزار سے زیادہ امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کرتے ہوئے ( اسٹاف نرس ) کے نتائج کا انتظار کررہے ہیں ۔ آئندہ دو یا تین دن میں نتائج جاری ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔ محکمہ صحت کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تلنگانہ میڈیکل اینڈ ہیلت سرویسیس رکورٹمنٹ بورڈ نے کمپیوٹر بیسڈ امتحان تحریر کرنے والے امیدواروں کے مارکس ، رینک ، کی فہرست تیار کردی ہے ۔ صرف نتائج جاری کرنا باقی ہے ۔ آئندہ دو تین دن میں بورڈ کی سرکاری ویب سائیٹ پر نتائج اور عارضی میرٹ لسٹ جاری کرنے کے امکانات ہیں ۔ واضح رہے کہ 23 نومبر 2024 کو 2322 نرسنگ آفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کے لیے آن لائن میں کمپیوٹر کی بنیاد امتحانات کا انعقاد کیا گیا ۔ امتحان تحریر کرنے والے امیدواروں کی خدمات اور تجربہ کے لحاظ سے ویٹیج پوائنٹس کو شامل کرتے ہوئے 100 مارکس کی بنیاد پر میرٹ لسٹ تیار کی جارہی ہے ۔ نتائج کی اجرائی کے بعد سرٹیفیکٹ کی جانچ ہوگی ۔ منتخب امیدواروں میں تقررات نامے حوالے کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ حکومت نے نرسنگ تقررات میں گذشتہ 2 سال سے تیزی پیدا کردی ہے ۔ سال 2022 میں 7094 اسٹاف نرس کی جائیدادوں پر تقررات کرنے کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا اور گذشتہ سال 6956 امیدواروں کا انتخاب کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔ ریاست میں اضلاع کی تنظیم جدید کے بعد سرکاری میڈیکل کالجس کی تعداد 36 تک پہونچ گئی ہے ۔ جس کے تناظر میں گورنمنٹ ہاسپٹلس میں بستروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ محکمہ صحت نے سرکاری ہاسپٹلس میں اسٹاف نرسیس کے تقررات کو لازمی قرار دیتے ہوئے تقررات پر توجہ دی ہے ۔۔ 2
