ریاست میں وقف مرممہ قوانین پر عمل کرنے عہدیداروں کے حکومت کو مشورے !

   

من و عن نافذ کرنے کی وکالت ۔ حکومت تلنگانہ اور کانگریس پارٹی کے موقف سے کھلا انحراف

حیدرآباد 3 اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مرممہ وقف ایکٹ 2025 پر عمل ہوگا !حکومت و کانگریس کے موقف سے انحراف کرکے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداران ریاست میں مرممہ وقف ایکٹ 2025 پر عمل کا حکومت کو مشورہ دے رہے ہیں ۔ کانگریس و ملک بھر میں غیر بی جے پی ریاستوں نے مرممہ وقف ایکٹ 2025 پر عمل کے سلسلہ میں واضح موقف اختیار کرکے اس قانون پر عمل سے انکار کردیا اور یہ اعلان کیاتھا کہ جب تک مرممہ قوانین میں درکار ترامیم کو منظوری نہیں دی جائے گی اس پر عمل نہیں ہوگا ۔ پڑوسی کرناٹک میں جہاں کانگریس برسراقتدار ہے کرناٹک وقف بورڈ معمول کے مطابق سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے اجلاس منعقد کرنے کے علاوہ روزمرہ کے کام میں مصروف ہے جبکہ تلنگانہ میں بی جے پی نواز عہدیداروں کی پالیسی کے نتیجہ میں مرممہ وقف ایکٹ کے نفاذ کی راہیں ہموار کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے ۔ذرائع کے مطابق گذشتہ دنوں ایک اعلیٰ سطح اجلاس میسںمرممہ وقف قوانین کی حمایت کرنے والے عہدیدار نے حکومت سے خواہش کی کہ تلنگانہ میں مرممہ وقف قوانین 2025 کو من و عن نافذ کیا جائے اور اپنی تجویز کے ساتھ انہوں نے حکومت کو مشورہ میں کہا کہ حکومت کے پاس نئے مرممہ قوانین پر عمل کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے اسی لئے حکومت کو تلنگانہ میں وقف قوانین پر عمل میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے ۔ ملک بھر میں مرممہ وقف قوانین کے خلاف تحریک کے مرکز کے طور پر تلنگانہ کو دیکھا جارہاہے کیونکہ صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ شہر کے مقیم ہیں اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کی نگرانی میں مرممہ وقف قوانین کے خلاف جدوجہد جار ہی ہے لیکن تلنگانہ میں ہی عہدیداروں کے حکومت کو مشوروں اور اقدامات کا جائزہ لیا جائے تو اس کے نتیجہ میں تلنگانہ وقف بورڈ پوری طرح مفلوج ہوچکا ہے ۔ اکٹوبر 2024 کے بعد سے بورڈ کا اجلاس منعقد نہیں ہوپایا ہے کیونکہ وقف بورڈ میں بی جے پی نواز عہدیدار جو کہ مرکزی حکومت کے ایجنٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ کہا جار ہاہے کہ وہ اپنی آئی اے ایس کے عہدہ پر ترقی حاصل کرنے مرکز کو خوش کرنے تلنگانہ میں وقف قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں وہ بورڈ کا اجلاس منعقد کرنے میں رکاوٹیں پیدا کرنے میں کامیابی کے بعد حکومت کو یہ باور کروانے کی کوشش میں مصروف ہیں کہ تلنگانہ میں مرممہ وقف ایکٹ 2025 کے نفاذ کیلئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے ۔ آئی اے ایس عہدہ پر ترقی کیلئے تلنگانہ کی موقوفہ جائیدادوں کو تباہ کرنے کوشاں عہدیدار کی سازشوں کے باوجود ان کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر مختلف گوشوں کی جانب سے حیرت کا اظہار کیا جا رہاہے ۔3