ریاست میں ڈیجیٹل میڈیا کارپوریشن کے قیام پر حکومت کا غور

   

سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر نظر رکھی جائے گی ۔ منفی پروپگنڈہ کو روکنے کے اقدامات

حیدرآباد6مارچ۔(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل میڈیا کارپوریشن کے قیام پر غورکیا جانے لگا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے تحت سوشل میڈیا کارپوریشن کے قیام کے ذریعہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمس بالخصوص فیس بک‘ ٹوئیٹر ‘ انسٹاگرام کے علاوہ دیگر ایسے پلیٹ فارمس جن کے ذریعہ خبروں کو عام کیا جا رہاہے ان پر نظر رکھنے کے علاوہ منفی پروپگنڈہ کو روکنے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حالیہ عرصہ میں دلت بندھو اسکیم کے علاوہ سرکاری ملازمین کے تبادلوں اور دیگر امور کے متعلق منفی پروپگنڈہ کو روکنے اقدامات اور اس طرح کی حرکتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کے پروگرامس اور حکومت کی اسکیمات کے متعلق ادھوری اطلاعات کی بنیاد پر سوشل میڈیا کے ذریعہ منفی پروپگنڈہ کیا جا رہاہے ۔ چیف منسٹر کے اس بیان کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر تحدیدات اور فیس بک‘ ٹوئیٹر کے علاوہ انسٹا گرام کا استعمال کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کرنے والوں اور بغیر کسی اجازت نامہ کے ذریعہ ذرائع ابلاغ ادارے چلانے والوں کے خلاف کاروائی کی منصوبہ بندی کی توقع کی جا رہی تھی لیکن اب محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے تلنگانہ سوشل میڈیا کارپوریشن کے قیام کی راہ ہموار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاکہ اس کارپوریشن کے ذریعہ تمام کاروائیاں کی جاسکیں۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے ذمہ داروں نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے چلائی جانی والی اسکیمات کے علاوہ فلاحی منصوبوں اور دیگر اقدامات کی تشہیر کا کام بھی اس کارپوریشن کے ذریعہ کیا جائے گا اور اس کارپوریشن کے ذریعہ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے کاموں کی سوشل میڈیا پر تشہیر کے اقدامات کئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے تحت قائم کئے جانے والے اس ادارہ میں سوشل میڈیا پر تشہیر کے ماہرین اور منفی پروپگنڈہ کی تردید کے لئے باضابطہ تقررات عمل میں لائے جائیں گے ۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے کارپوریشن کی تشکیل کو منظوری کے ساتھ ہی محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی تقررات کے سلسلہ میں اعلامیہ جاری کریگی۔م