ریاست میں کورونا ٹیکہ لینے سے ہیلت ورکرس کا گریز

   

استفادہ کنندگان کی تعداد میں مسلسل گراوٹ ۔ ٹیکہ اندازی کے مراکز کی تعداد بھی کم ہوگئی
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں منتخبہ استفادہ کنندگان میں کورونا کا ٹیکہ لینے کی شرح جمعہ کو اور بھی گھٹ گئی ہے اور صرف 45.5 فیصد نے ٹیکہ لیا ہے ۔ جمعہ کو ریاست میں ٹیکہ اندازی کا پانچواں دن تھا ۔ اس دن جملہ 28,433 منتخبہ ہیلت ورکرس کو ٹیکہ دینے کا منصوبہ تھا تاہم صرف 12,944 ہیلت ورکرس نے ہی ٹیکہ لیا ہے ۔ ریاست میں اب تک ٹیکہ لینے والے افراد کی تعداد 1,10,248 ہوگئی ہے جبکہ 60,000 افراد نے ٹیکہ لینے سے انکار کردیا ہے ۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راو نے کہا کہ ریاست میں اب تک ٹیکہ لینے والوں کا جملہ تناسب 64 فیصد ہے ۔ جمعہ کو ٹیکہ لینے والوں کا تناسب ریاست میں اب تک کا سب سے کم تناسب رہا ہے ۔ ٹیکہ اندازی کے پہلے دن منتخبہ افراد میں 92 فیصد نے ٹیکہ لیا تھا ۔ دوسرے دن یہ شرح 80 فیصد ہوگئی ۔ عہدیداروں کے بموجب تیسرے دن 71 فیصد منتخب افراد نے اور چوتھے دن 57 فیصد نے ٹیکہ لیا تھا جبکہ جمعہ کو یہ تعداد مزید گھٹ کر محض 45.5 فیصد ہوگئی ۔ علاوہ ازیں ریاست میں ٹیکہ اندازی کے مراکز کی تعداد بھی کم ہوئی ہے ۔ جمعرات کو ان مراکز کی تعداد 726 تھی جبکہ جمعہ کو یہ تعداد گھٹ کر 489 رہ گئی تھی ۔ 19 جنوری کو سب سے زیادہ 886 مراکز میں ٹیکے دئے گئے تھے ۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت نے بتایا جمعہ کو ٹیکہ لینے والوں میں کوئی سنگین مضر اثرات دیکھنے میں نہیں آئے ہیں جبکہ صرف پانچ افراد میں معمولی ری ایکشن دیکھا گیا تھا ۔ ان کی حالت مستحکم ہے ۔ ریاست کے تمام اضلاع میں مرکزی و ریاستی حکومت کے ہیلت ورکرس کو ٹیکہ دیا جارہا ہے ۔