ریاست میں کوویڈ معائنے ، 3 فیصد مریضوں کو وائرس کی توثیق

   

میڑچل سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ، حیدرآباد دوسرے اور رنگاریڈی تیسرے نمبر پر
حیدرآباد۔18جنوری(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے مثبت پائے جانے کے فیصد کے تعلق سے حکومت کا کہناہے کہ مجموعی اعتبار سے جو معائنے کئے جا رہے ہیں ان میں 3فیصد مریضوں کووائرس کی توثیق کی جارہی ہے ۔ تلنگانہ کے اضلاع میں سب سے زیادہ مثبت پائے جانے والوں کی شرح ضلع میڑچل ۔ ملکا جگری میں پائی جا رہی ہے اور اس ضلع میں کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے والوں کی شرح 6.95 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ہے جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی شرح 5.65 فیصد ریکارڈ کی جا رہی ہے اسی طرح تیسرے نمبر پر ضلع رنگاریڈی ہے جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کے مثبت پائے جانے والوں کی شرح 4.92 ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ریاست میں سب سے کم کورونا وائرس کے مثبت مریضوں کی شرح ضلع ورنگل (رورل)میں ریکارڈ کی جا رہی ہے جہاں مثبت پائے جانے والے مریضوں کی شرح 0.32 ریکارڈ کی جا رہی ہے۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں یومیہ 12ہزار500 افراد کے معائنہ کا نشانہ دیا گیا ہے جن میں 5.65 فیصد افراد کے کورونا وائرس سے متاثرہ پائے جا نے لگے ہیں اور محکمہ صحت کے عہدیداروں اور ماہرین کا کہناہے کہ اس صورتحال میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ریاست کے 4 اضلاع کاماریڈی ‘ سنگاریڈی ‘ نظام آباد اور میدک میں کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے والے مریضوں کی شرح 4 فیصد سے زیادہ ہوچکی ہے جبکہ نظام آباد اور کاماریڈی میں یہ شرح 4.5 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے۔ تلنگانہ میں میں یومیہ کورونا وائرس کے جن مریضوں کی نشاندہی ہورہی ہے ان میں 60 فیصد سے زیادہ شہر حیدرآباد‘ میڑچل ۔ملکا جگری اور رنگاریڈی سے تعلق رکھنے والے ہیں۔ میڑچل ۔ ملکا جگری میں مجموعی اعتبار سے 3350 معائنے کئے جا رہے ہیں جبکہ ضلع رنگاریڈی میں 3150 معائنے کئے جا رہے ہیں۔ ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے حیدرآباد اور شہر سے مربوط ان اضلاع میں کئے جانے والے معائنوں کی تعداد میں فرق کو دیکھتے ہوئے اس بات کا اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں جہاں 12ہزار سے زیادہ معائنے کئے جا رہے ہیں وہاں 1100 مریض تک پائے جارہے ہیں اور پڑوسی اضلاع میں کئے جانے والے معائنوں سے حاصل ہونے والے نتائج کا اندازہ کرنے کے بعد یہ کہا جا رہاہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے اضلاع میں بہت کم معائنے کئے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی نہیں ہوپارہی ہے۔م