ریاست میں کچھ مقامات پر شدید بارش کا امکان

   

حیدرآباد۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ ریاست میں مانسون سرگرم ہے اور خلیج بنگال کے شمال مشرق میں ہوا کے دباو میں کمی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ ڈائرکٹر موسمیات ڈاکٹر ناگارتنا نے بتایا کہ اس کے اثر سے تلنگانہ اضلاع یادادری بھونگیر ‘ رنگا ریڈی ‘ حیدرآباد ‘ محبو ب نگر ‘ ناگرکرنول ‘ ونپرتی ‘ نارائن پیٹ ‘ گدوال کے کچھ مقامات پر شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں کچھ مقامات پر تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں جن کی رفتار 30 تا 40 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوسکتی ہے ۔ کچھ مقامات پر گرج چمک کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔ حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں مطلع عام طور پر ابرآلود رہے گا اور ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ ہلکی سے اوسط بارش کے درمیان کچھ دیر کیلئے تیز وار شدید بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔