ریاست میں ہفتے کے آخری دو ایام میں سخت تحدیدات ممکن

   

تعطیل کے دن لاک ڈاون کی سفارش۔ محکمہ صحت کی جانب سے حکومت کو رپورٹ روانہ

حیدرآباد۔ریاستی حکومت کی جانب سے رات کے کرفیوکے ساتھ اب ہفتہ کے آخری دو ایام کے دوران مزید سخت اقدامات یا تعطیل کے دن لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔ حکومت کو روانہ کردہ محکمہ صحت کی سفارشات میں شاپنگ مالس کے علاوہ رعیتو بازاروں کے علاوہ دیگر بازاروں پر سخت تحدیدات کی خواہش کی گئی ہے تاکہ کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو روکا جاسکے۔ محکمہ صحت کی جانب سے نائیٹ کرفیو کے ساتھ دن کے مصروف اوقات کے علاوہ پر ہجوم مقامات پر سخت رہنمایانہ خطوط کی سفارش کے ساتھ کہا گیا کہ حکومت کو فوری ہفتہ اور اتوار کو سخت تحدیدات کے علاوہ روزانہ مصروف اوقات کے دوران اہم بازاروں میں حالات کو قابو میں رکھنے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ حکومت کی ہدایت پر محکمہ صحت نے مائیکرو کنٹینمنٹ زون کی تیاری اور نشاندہی کا عمل شروع کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جلد ہی شہر میں مائیکرو کنٹینمنٹ زون کو بند کئے جانے اور ان میں تمام سرگرمیوں کو روک دیئے جانے اقدامات کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی رپورٹ میںکہا گیا ہے کہ رعیتو بازار‘ شاپنگ مالس‘ منڈی اور بازار جہاں پر لوگ احتیاط نہیں کر رہے ہیں یہ مقامات تیزی سے ہاٹ اسپاٹ میں تبدیل ہونے لگے ہیں اور ان ہاٹ اسپاٹس پر قابو پانے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ میں کورونا متاثرین کے ساتھ اموات کی تعداد میں اضافہ نے محکمہ صحت کی تشویش میں اضافہ کردیا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ محکمہ صحت نے صورتحال سے حکومت کو واقف کروایا اور مزید سخت تحدیدات کی سفارش کی ۔ رات کے کرفیو کے علاوہ دن میں 144 کے نفاذ پر غور کیاجا نے لگا ہے ۔ شہر کے علاوہ اضلاع میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ سے عہدیداروں میں تشویش ہے اور کہا جا رہاہے کہ اگر سختیوں میں مزید اضافہ نہیں کیا گیا تو حالات مزید ابترہو سکتے ہیں اسی لئے حکومت کی جانب سے مزید سختیوں کے اعلان کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ صورتحال پر قابو پانے محکمہ صحت کی تجاویز پر مؤثر عمل کو یقینی بنانے اعلیٰ عہدیداروں کی مشاورت شروع ہوچکی ہے اور عہدیداروں کا احساس ہے کہ رات کے کرفیو کے ساتھ دن میں بھی 144کے نفاذ اور بازاروں میں تحدیدات عائد کئے جائیں۔