ریاست میں 19 جائیدادوں کا 14 نومبر سے ہراج

   

11 اکٹوبر کو جائیدادیں نوٹیفائی کی جائیں گی ۔ 10 اضلاع اور شہر کی اراضیات بھی شامل
حیدرآباد 8 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ریاستی حکومت کی جانب سے 10 اضلاع میں جملہ 19 جائیدادوں کے ہراج کیلئے 11 اکٹوبر کو اعلامیہ جاری کیا جائیگا ۔ ان زمینات کے ہراج کا 14 نومبر سے آغاز ہوگا ۔ جو اراضیات اور جائیدادیں اضلاع میںہیں ان کا خریداروں کی موجودگی میں ہراج ہوگا جبکہ حیدرآباد اور اس کے اطراف جو جائیدادیں ہیں ان کا ای ۔ ہراج ہوگا ۔ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقیات کے اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار نے جو انچارچ چیف سکریٹری بھی ہیں آج راجیو سواگروہا کارپوریشن کی جائیدادوں کے ہراج کی تیاریوں کا ایک ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ جائزہ لیا ۔ جو اراضیات فروخت ہونی ہیں ان میں کچھ دوسری سرکاری اراضیات بھی شامل ہیں۔ ضلع کلکٹرس ‘ راجیو سواگروہا کارپوریشن کے عہدیداروں ‘ شہری مجالس مقامی کے حکام اور دوسروں نے ٹیلی کانفرنس میں شرکت کی ۔ اروند کمار نے ہراج میں شرکت کرنے کے خواہشمند افراد سے کہا کہ وہ ہراج کے مقامات پر اپنی تیاری کی توثیق کریں اور ان کو 11 اکٹوبر کو نوٹیفائی کرتے ہوئے 14 نومبر سے ہراج کیا جائیگا ۔ اس عمل کے طور پر حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفرا اسٹرکچر کارپوریشن کی جانب سے ان اراضیات کا ای ہراج کیا جا رہا ہے ۔ یہ دونوں ادارے سرکاری ایجنسی کا ذمہ نبھا رہے ہیں۔ اسی طرح ضلع کلکٹرس کی جانب سے اضلاع میںفزیکل ہراج منعقد کئے جائںے گے اور ان کی نگرانی کی جائے گی ۔ اس ہراج کے ذریعہ عوام کو نزاعات سے پاک اراضیات خریدنے کا موقع ملے گا اور اس سے حکومت کو بھی مالیہ حاصل ہوگا ۔ ان اراضیات کے پرسکون ہراج کیلئے عادل آباد ‘ کاماریڈی ‘ محبوب نگر ‘ نظام آباد ‘ نلگنڈہ ‘ کریمنگر اور وقار آباد اضلاع کے کلکٹرس نے اپنی تیاریوں کی توثیق کردی ہے اور کہا کہ اعلامیہ جاری کیا جاسکتا ہے ۔ کمشنر کھمم میونسپل کارپوریشن اور ایچ ایم ڈی اے کے کے علاوہ ٹی ایس آئی آئی سی کے عہدیداروں نے بھی اپنی تیاری کی توثیق کردی ہے ۔