ریاست میں 8 لاکھ طلبہ تعلیم سے محروم

   

کمپیوٹر ، ٹیلی ویژن، اسمارٹ فونس کی عدم دستیابی ، انٹرنیٹ اور نیٹ ورک کے بھی مسائل
حیدرآباد /13 اگست ( سیاست نیوز ) ریاست میں تقریباً 8 لاکھ طلبہ سرکاری اسکولس کی تعلیم سے محروم ہوئے ہیں ۔ کورونا وباء کی وجہ سے گذشتہ سال باقاعدہ کلاسیس کے بغیر ہی تعلیمی سال گذر گیا ۔ جاریہ تعلیمی سال کے آغاز کے ایک ماہ مکمل ہونے کے باوجود وہی صورتحال ہے ۔ محکمہ تعلیم کے سرکاری اعداد و شمار کے لحاظ سے 72 ہزار طلبہ کے پاس ٹیلی ویژن ، کمپیوٹر ، اسمارٹ فونس کی سہولت نہیں ہے ۔ یہ سہولتیں رکھنے کے باوجود مختلف مسائل کی وجہ سے 4 لاکھ طلبہ تعلیم حاصل نہیں کرپا رہے ہیں ۔ فرسٹ اور سکینڈ کلاس کے تین لاکھ طلبہ کیلئے کوئی کلاسیس کا اہتمام نہیں کیا جارہا ہے ۔ ریاست میں ریسیڈنشیل اسکولس کے علاوہ 27257 اسکولس ہیں ۔ جن میں 18,43,589 طلبہ زیر تعلیم ہیں ۔ محکمہ تعلیم نے کورونا بحران کے باعث باقاعدہ کلاسیس شروع کرنے کے بجائے ڈیجیٹل تعلیم کا آغاز کیا ہے۔ ریاست میں تکنیکی تعلیم کے ادارہ ( سائیٹ ) نے گذشتہ سال تیار کردہ ویڈیز پر مشتمل تعلیم ، ٹی سیاٹ دوردرشن (یادگیری) چینلس کے ذریعہ نشرکیا جاتا ہے ۔ یہ بھی تیسری تا دسویں جماعت تک تعلیم جاری ہے ۔ فرسٹ اور سکینڈ کلاسیس کی تعلیم نہیں دی جارہی ہے ۔ جس سے تین لاکھ طلبہ تعلیم سے محروم ہیں ۔ 10-3 ویں جماعت میں زیر تعلیم 1,00,459 طلبہ کے پاس ڈیجیٹل تعلیم سے استفادہ کرنے کیلئے ضرورت کے مطابق ٹیلی ویژن (ٹی وی ) نہیں ہے ۔ ان میں تقریباً 27,257 طلبہ کیلئے دیہی گرام پنچایتوں میں ٹی وی دیکھنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ جس سے صرف 10 ہزار طلبہ ہی استفادہ کر رہے ہیں ۔ ماباقی90 ہزار طلبہ تعلیم سے محروم ہیں ۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے ٹی وی پر تعلیمی پروگرام کی عدم واقفیت اور آن لائین کلاسیس سمجھ میں نہ آنے سے مزید 4 لاکھ طلبہ تعلیم سے محروم ہیں ۔ اس طرح ریاست میں جملہ 8 لاکھ طلبہ تعلیم سے محروم ہیں ۔