ریاست کی ترقی و عوام کی خدمت کیلئے حکومت وقف: کے سی آر

,

   

تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب، پرگتی بھون میں پرچم کشائی، اضلاع میں وزراء نے شرکت کی
حیدرآباد ۔2۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کا چھٹواں یوم تاسیس آج روایتی جوش و خروش سے ہٹ کر سادگی کے ساتھ اور رسمی طور پر منایا گیا ۔ حیدرآباد اور ضلع ہیڈکوارٹرس پر شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قومی پرچم لہرایا گیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد میں یوم تاسیس تقاریب کے حصہ کے طور پر گن پارک پہنچ کر شہیدان تلنگانہ کی یادگار پر پھول نچھاور کئے ۔ سخت سیکوریٹی کے درمیان چیف منسٹر گن پارک پہنچے اور شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کرکے کچھ دیر خاموش کھڑے رہے۔ وہاں سے پرگتی بھون پہنچے اور قومی پرچم لہرایا۔ کے سی آر نے اس موقع پر کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کو 6 سال مکمل ہوچکے ہیں اور سنہرے تلنگانہ کی سمت پیشقدمی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی اور عوام کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یوم تاسیس کے موقع پر حکومت عوام کی خدمت کیلئے پھر ایک بار خود کو وقف کرنے کا عہد کرتی ہے ۔ کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل عوام کو جو مسائل درپیش تھے ، ان کی بتدریج یکسوئی کی جارہی ہے ۔ زرعی شعبہ میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہوچکا ہے ۔ گرما کے آغاز کے ساتھ ہی عوام پینے کے پانی کے بارے میں فکرمند ہوجاتے تھے لیکن حکومت نے مشن بھگیرتا کے ذریعہ اس مسئلہ کی یکسوئی کی ہے ۔ برقی ، آبپاشی ، تعلیم ، صحت ، انفارمیشن ٹکنالوجی

اور دیگر شعبوں میں تلنگانہ نے غیر معمولی ترقی کی ۔ پرگتی بھون میں منعقدہ تقریب میں ارکان راجیہ سبھا کیشو راؤ ، جے سنتوش کمار ، کے آر سریش ریڈی ، حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما ، حکومت کے مشیر انوراگ شرما ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ، ڈائرکٹر جنرل اے سی بی پورنا چندر راؤ ، میئر حیدرآباد بی رام موہن ، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین ، ارکان مقننہ جیون ریڈی ، ڈی ناگیندر ، اے سکو ، فارمس کوآرڈینیشن کمیٹی صدرنشین پی راجیشور ریڈی ، ارکان کونسل ، کے پربھاکر ، سرینواس ریڈی ، نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار ، مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین جی بالا ملو، ایم سرینواس ریڈی اور چیف منسٹر دفتر کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل کسانوں کی صورتحال ابتر تھی لیکن آج کسان خوشحال ہیں اور زرعی شعبہ ترقی کی سمت گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد ترجیحی بنیادوں پر عوامی مسائل کی یکسوئی کی گئی ہے۔ حکومت ریاست کی ترقی کیلئے منصوبہ بند حکمت عملی کے ساتھ کام کر رہی ہے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنا اس کا مقصد ہے ۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ عوام کو عوام تاسیس کی مبارکباد پیش کی ۔