ریاست کی ترقی کیلئے سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھنے کی اپیل

   

سنہرے تلنگانہ کی مستحکم بنیادیں رکھ دی گئیں۔ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کا پیام

حیدرآباد 9 ستمبر ( پی ٹی آئی ) مختلف شعبہ جات میں تلنگانہ ریاست کی پیشرفت کی ستائش کرتے ہوئے نئی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے آج تمام متعلقہ گوشوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے سیاسی اور سماجی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک مستحکم ریاست کی تعمیر اور ایک مستحکم قوم کے فروغ میں حصہ دار بن جائیں ۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے کہا کہ تلنگانہ ملک کے سامنے ایک مثالی ریاست بن کر ابھری ہے جہاں سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کی بنیادی مستحکم انداز میں رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل میں وہ ہر کسی سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ اپنے سیاسی اور سماجی اختلافات کو بالائے طاق رکھیں اور ان کی حکومت کے ساتھ حصہ دار بن جائیں تاکہ ایک مستحکم ریاست کی تعمیر ہوسکے اور ایک مستحکم قوم کو فروغ دیا جاسکے ۔ گورنر نے اپنے ایک پیام میں یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ان سے کہا گیا ہے کہ تلنگانہ نے 2018-19 میں ریاست کی جملہ گھریلو پیداوار کے معاملہ میں 14.84 فیصد کی شرح سے ترقی کی تھی جو متاثر کن ہے اور ریاست کی دولت میں 4 لاکھ کروڑ روپئے کا اضافہ ہوگیا ہے اور اب یہ جملہ 8.66 لاکھ کروڑ تک پہونچ چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں تلنگانہ ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کو فروغ دینے کے کام میں حصہ دار کے اپنے رول پر مسرور ہیں ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی قیادت میں ریاست کی ہمہ جہتی ترقی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام گاووں کی ترقی کیلئے 30 دن کا ایکشن پلان اب انتظامیہ کیلئے مثال بننے جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ‘ ہریتا ہارم ‘ برقی پیداوار ‘ ریتو بندھو اور ریتو بیمہ ‘ مشن کاکتیہ ‘ مشن بھاگیرتا جیسے پروگرام ان پر مکمل عمل آوری کی مثال بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت دلتوں ‘ قبائلیوں ‘ پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی توقعات کو پورا کرنے میں ملک کے سامنے رول ماڈل بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریاست کی معیشت کو مستحکم کرنے اور اس میں نئی جان ڈالنے کیلئے اقدامات کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔ اس کے لئے حکومت یگنہ کے انعقاد کے جذبہ سے بھی کام کرے گی