گذشتہ سات سال میں اہم مسائل کی یکسوئی : ہریش راو کا ادعا
حیدرآباد۔ وزیر فینانس ٹی ہریش راو نے آج کہا کہ ترقی ہی تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا واحد ایجنڈہ ہے اور ساری ریاست اور سدی پیٹ میونسپلٹی میں اسی ایجنڈہ کے تحت کام کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے سدی پیٹ میں ٹی آر ایس مجالس مقامی امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ سدی پیٹ میونسپلٹی میں ٹی آر ایس کو ایک ووٹ دینے کا مطلب ان ( ہریش راو ) ‘ چیف منسٹر اور نئے ترقیاتی پراجیکٹس کے حق میں ووٹ دینے کے مترادف ہوگا ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ نے اپنی جدوجہد سے بتادیا ہے کہ ترقیاتی کام کس طرح آگے بڑھائے جاسکتے ہیں۔ سدی پیٹ ٹاون میں بھی گذشتہ سات برسوں میں کئی ترقیاتی کام کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 300 کروڑ روپئے کے صرفہ سے انڈرگراونڈ ڈرینیج کے کام شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام 80 فیصد تک مکمل کرلئے گئے ہیں اور مابقی کاموں کو بھی جلد ہی مکمل کرلیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل پینے کے پانی کا مسئلہ بھی عام مسئلہ بن گیا تھا تاہم نئی ریاست کی تشکیل کے بعد ٹی آر ایس حکومت نے اس مسئلہ کو بھی حل کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی ہر گھر تک سپلائی کی جا رہی ہے اور اس میں کوئی رکاوٹ نہیں آ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ میں ٹریفک کا مسئلہ بھی حل کرلیا گیا ہے اور سدی پیٹ بائی پاس روڈ تعمیر کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ فلڈ لائیٹس کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے ۔ انہوں نے سدی پیٹ کے ووٹرس سے اپیل کی کہ وہ بلدی انتخابات میں اپنے ووٹ کے استعمال سے قبل غور و فکر کریں اور نہ صرف سدی پیٹ ٹاون کی بلکہ ساری ریاست کی ترقی کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔