ریاست کی پہلی خاتون گورنر سوندرا راجن کی حلف برداری

,

   

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نامزد گورنر ہماچل پردیش بی دتاتریہ اور دیگر اہم شخصیتوں کی مبارکباد

حیدرآباد۔9ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کی دوسری گورنر اور ریاست کی پہلی خاتون گورنر کی حیثیت سے ڈاکٹر تملی سائی سوندرا راجن نے آج اپنی نئی ذمہ داریوں کا حلف لیا ۔چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس رگھویندر سنگھ چوہان نے ڈاکٹر تملی سائی سوندراراجن کو گورنر تلنگانہ کی حیثیت سے حلف دلوایا ۔ راج بھون کے سبزہ زار پر منعقد ہونے والی اس تقریب میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ‘نامزد گورنر ہماچل پردیش مسٹر بنڈارو دتاتریہ ‘ مسٹر جی کشن ریڈی مرکزی مملکتی وزیر داخلہ ‘ مسٹر پنیر او سیلوم‘ اسپیکرتلنگانہ قانون ساز اسمبلی مسٹرپوچارم سرینواس ریڈی‘ نائب صدر تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر نیتی ودیا ساگر راؤ‘ جناب محمد محمود علی ریاستی وزیر داخلہ ‘مسٹر ایٹالہ راجندر ‘ مسٹر ٹی ہریش راؤ‘ مسٹر کے ٹی راما راؤ‘ کے علاوہ ریاستی وزراء ‘ ارکان پارلیمان ‘ ارکان اسمبلی ‘ ارکان قانون ساز کونسل و دیگر اہم شخصیتیں اور بھارتیہ جنتا پارٹی قائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تملی سائی سوندراراجن آج صبح ہیلی کاپٹر کے ذریعہ اپنے شوہر و دیگر افراد خاندان کے ساتھ بیگم پیٹ ائیر پورٹ پہنچی جہاں ان کا چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ‘اسپیکر قانون ساز اسمبلی مسٹر پوچارم سرینواس ریڈی ‘ مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن کے علاوہ دیگر نے ان کا خیر مقدم کیا

۔گورنر تلنگانہ کی بیگم پیٹ ائیر پورٹ پر سرخ قالین پر خیر مقدم کیا گیا اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی کی نگرانی میں محکمہ پولیس کے مختلف شعبوں کی جانب سے سلامی دی گئی ۔ ڈاکٹر تملی سائی سوندراراجن کا قافلہ بیگم پیٹ ائیر پورٹ سے سیدھے راج بھون پہنچا جہاں ان کے استقبال اور حلف برداری کی تیاریاں مکمل کی جاچکی تھیں۔ گورنر تلنگانہ کو چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس رگھویندر سنگھ چوہان کی جانب سے حلف دلوائے جانے کے بعد حلف برداری تقریب میں موجود اہم شخصیتوں اور ریاستی و مرکزی وزراء کے علاوہ مدعو کئے گئے مہمانوں نے ڈاکٹر تملی سائی سوندراراجن کو مبارکباد پیش کی اورنیک تمناؤوں کا اظہار کیا۔راج بھون کے سبزہ زار پر منعقد ہوئی حلف برداری کی اس سادہ مگر پر اثر تقریب کے دوران ریاستی بھارتیہ جنتا پارٹی کے بھی کی قائدین موجود تھے ۔نامزد گورنر ہماچل پردیش مسٹر بنڈارو دتاتریہ ‘ مسٹر جی کشن ریڈی مرکزی مملکتی وزیر داخلہ نے بھی گورنرتلنگانہ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ۔ حلف برداری تقریب سے قبل چیف سیکریٹری مسٹر ایس کے جوشی نے صدر جمہوریہ مسٹر رام ناتھ کووند کی جانب سے ڈاکٹر تملی سائی سوندراراجن کو تلنگانہ کے نئے گورنر کی نامزدگی کے احکام پڑھ کرسنائے۔