ریاست کی ہر سڑک کو آئینہ کی طرح چمکانے چیف منسٹر کی ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 19 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ دو سال میں ریاست کی ہر ایک سڑک کو آئینہ کی طرح چمکا دیں ۔ سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کو یقینی بناتے ہوئے انہیں آئینہ بنا دیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ دو سال میں تلنگانہ کی ہر سڑک کو صاف ستھری اور آئینہ کی مانند چمکتی ہوئی دیکھنا چاہتے ہیں ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کے سی آر کی اولین ترجیح ریاست میں سڑکوں اور قومی شاہراؤں کو بہتر بنایا جائے اور آبپاشی شعبہ کے بعد محکمہ عمارت و شوارع کی کارکردگی کو موثر بنانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے اس محکمہ کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بحسن خوبی انجام دیں ۔ سڑکوں کی صورت گری کریں ۔ پریس ریلیز کے مطابق کے چندر شیکھر راؤ نے یہ بھی کہا کہ ارکان اسمبلی کے لیے آفسوں کی تعمیر کا کام پہلی مرتبہ ان کی حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا ہے جو ملک میں کہیں بھی نہیں ہے ۔۔