ریاست کے اہم مسائل پر نمائندگی

   

مرکزی فنڈس اور تنظیم جدید تیقنات ایجنڈہ میں شامل
حیدرآباد۔2 ۔ اکٹوبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل 3 اکتوبر کو نئی دہلی روانہ ہوں گے ۔ وہ4 اکتوبر کو 11.30 بجے صبح وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے ۔ ریاست سے متعلق مختلف مسائل پر چیف منسٹر کی وزیراعظم سے بات چیت ہوگی۔ مرکز سے تلنگانہ کو فنڈس میں اضافہ کیلئے وزیراعظم سے نمائندگی کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ فنڈس کی اجرائی میں تاخیر نہ کرنے کیلئے وزیراعظم سے درخواست کی جائے گی ۔ تلنگانہ کے کسی ایک پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دینے کی نمائندگی ملاقات میں شامل رہے گی۔ وزیراعظم کی حیثیت سے نریندر مودی کو دوسری مرتبہ ذمہ داری سنبھالنے کے بعد کے سی آر کی یہ پہلی ملاقات ہے۔ کے سی آر نئی دہلی میں نریندر مودی کی حلف برداری میں شرکت کے خواہاں تھے لیکن اسی دن وہ امراوتی میں وائی ایس جگن موہن ریڈی کی تقریب حلف برداری میں شریک ہوئے اور خراب موسمی حالات کے سبب نئی دہلی نہیں جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر تلنگانہ سے متعلق کئی اہم مسائل پر وزیراعظم سے نمائندگی کی تیاری کرچکے ہیں۔ معاشی ابتر صورتحال میں ریاست کو زائد فنڈس کی اجرائی کی خواہش کی جائے گی۔ ریاست میں آبپاشی پراجکٹ کے علاوہ دیگر پراجکٹس کی تعمیر کے لئے تعاون کی اپیل کی جاسکتی ہے ۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل ، کسی ایک آبپاشی پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دینے کے علاوہ زونل سسٹم میں تبدیلی، بیارم میں اسٹیل پلانٹ کا قیام ، قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام جیسے مطالبات کے سی آر کے ایجنڈہ میں شامل رہیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ کل رات منعقدہ کابینی اجلاس میں کے سی آر نے وزیراعظم سے نمائندگی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دوسری میعاد میں مودی سے کے سی آر کی یہ پہلی ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔