ریاست کے مالی موقف کے تحت انتخابی وعدے ہونے چاہیئے : کودنڈا رام

   

حیدرآباد : 17 اگست ( سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ انتخابات سے قبل انہوں نے کانگریس قیادت کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ریاست کے کمزور مالی موقف کے سبب انتخابی وعدوں میں احتیاط سے کام لیں ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر کودنڈا رام نے کانگریس کے انتخابی وعدوں اور ان کی تکمیل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے کمزور مالی موقف کے سبب کانگریس کو الیکشن سے قبل ہی احتیاط کی ضرورت تھی ، ہم نے اس سلسلہ میں کانگریس قیادت کو باخبر کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے عوام سے جو وعدہ کئے ہیں اس پر پارٹی میں داخلی مشاورت کے بعد حکومت فیصلہ کرے گی ۔ کودنڈا رام نے کہا کہ الیکشن سے قبل کہا گیا کہ ریاست بھاری قرض میں مبتلا ہے لہذا ہم نے انتخابی وعدوں کے معاملہ میں احتیاط کا مشورہ دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کسی بھی صورت میں رعیتو بھروسہ ، راشن کارڈ پر چاول کی تقسیم اور پنشن جیسی اسکیمات پر عمل کرنا ہوگا ۔ تینوں اسکیمات پر عمل آوری سے ریاست کی آمدنی محدود ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آمدنی میں اضافہ کیلئے حکومت کو اقدامات کرنا چاہیئے ۔ کودنڈا رام نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے بھاری قرض حاصل کرتے ہوئے فلاحی اسکیمات کو نظرانداز کردیا تھا ۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ کمزور مالی موقف کیلئے ذمہ دار عناصر کا پتہ چلائے اور مالی موقف بہتر بنانے کے اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کی جانب سے تعمیر کیا جانے والا بنکا چرلہ پراجکٹ تلنگانہ کے مفادات کو متاثر کرسکتا ہے۔1