حیدرآباد 20 مارچ ( سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ حیدرآباد ‘ میدک ‘ رنگا ریڈی ‘ یادادری ‘ بھونگیری ‘ ناگرکرنول ‘ سدی پیٹ ‘ نلگنڈہ ‘ کھمم ‘ جنگاوں ‘ ورنگل اربن اور ورنگل رورل اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواوں کا امکان ہے اور آئندہ چند دنوں تک ہلکی سے اوسط بارش بھی ہوسکتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ودربھا اور پڑوسی علاقوں میں جو سائیکلونی صورتحال بنی تھی وہ اب آگے بڑھ گئی ہے ۔ حیدرآباد اور اطراف میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور ایک یادو موقعوں پر گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ درجہ حرارت اعظم ترین 35 ڈگری اور اقل ترین 22 ڈگری کے آس پاس رہے گا ۔
