ریاست کے نئے وزرا میں قلمدانوں کی تقسیم

   

جگدیش ریڈی کو تعلیم ‘ ایٹالہ راجندر کو صحت و خاندانی بہبود کا قلمدان
فینانس ‘ آئی ٹی اور دیگر اہم قلمدان کے سی آر کے پاس ہی رہیں گے
حیدرآباد 19 فبروری ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے آج اپنے وزرا میں قلمدانوں کی تقسیم عمل میں لائی تاہم انہوں نے فینانس ‘ انفارمیشن ٹکنالوجی اور صنعتوں جیسے اہم قلمدان اپنے پاس ہی رکھے ۔ ریاست میں تقریبا دو ماہ کے بعد کے سی آر نے اپنی کابینہ میں آج 10 وزرا کو شامل کرتے ہوئے توسیع کی اور اب ان کی کابینہ 12 رکنی ہوگئی ہے ۔ ایک جی او کے بموجب سابق حکومت میں برقی کا قلمدان رکھنے والی جگدیشور ریڈی کو اس بار تعلیم کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔ اندرا کرن ریڈی کو جنگلات اور ماحولیات کا قلمدان دیا گیا ہے جبکہ ٹی سرینواس یادو کو افزائش مویشیان اور سنیماٹو گرافی کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔ ایٹالہ راجندر کو ‘ جو سابق میں وزیر فینانس تھے ‘ اس بار صحت و خاندانی بہبود کا قلمدان دیا گیا ہے جبکہ نرنجن ریڈی نئے وزیر زراعت ہونگے ۔ کے ایشور کو سماجی بھلائی کا قلمدان دیا گیا ہے جبکہ اس میںایس سی ڈیولپمنٹ اور قبائلی بہبود بھی شامل رہیں گے ۔ ای دیاکر راو کو پنچایت راج کا قلمدان دیا گیا ہے جبکہ سرینواس گوڑ کو اکسائز و نشہ بندی کا وزیر بنایا گیا ہے ۔ پرشانت ریڈی وزیر ٹرانسپورٹ ہونگے جبکہ سی ملا ریڈی کو لیبر و ائمپلائمنٹ کا قلمدان دیا گیا ہے ۔ ایک سرکاری حکمنامہ کے بموجب جو قلمدان کسی وزیر کو نہیں دئے گئے ہیں وہ سب چیف منسٹر کے پاس ہونگے ۔