ریاست کے 11 اضلاع کورونا فری ‘ ایک بھی پازیٹیو کیس نہیں

,

   

۔8 مئی تک ساری ریاست کورونا سے پاک ہوجانے کی امید : کے ٹی آر
حیدرآباد/30 اپریل ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے 33 کے منجملہ 11 اضلاع کو کورونا فری اضلاع قرار دیا گیا ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے جن اضلاع کو کورونا فری اضلاع قرار دیا گیا ہے اُن میں سدی پیٹ، محبوب آباد، منچریال، یادادری بھونگیر، نارائن پیٹ، ونپرتی، پداپلی، ورنگل ( رورل )، بھدرادری کتہ گوڑم، ناگر کرنول اور ملگ شامل ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ان اضلاع میں ایک بھی کورونا پازیٹو ایکٹیو کیس نہیں ہے۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے توقع کا اظہار کیا ہے کہ 8مئی تک تلنگانہ ریاست کورونا فری ریاست میں تبدیل ہوجائے گی۔ انہوں نے ایک قومی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف چھیڑی گئی جنگ میں سب متحدہ طور پر مشترکہ دشمن کے خلاف مقابلہ کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے جس کا نتیجہ ہے کہ گذشتہ 5 دن سے ریاست میں کورونا کمزور پڑ رہا ہے۔ کنٹینمنٹ زونس پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔ ریاست کے عوام بھی مسائل اور دشواریوں کے باوجود حکومت سے مکمل تعاون کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ جہاں متاثرین کی تعداد گھٹ رہی ہے وہیں مکمل صحت یاب ہوکر ڈسچارج ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے وہ امید کرتے ہیں کہ تلنگانہ 8مئی تک کورونا فری اسٹیٹ میں تبدیل ہوجائے گا۔