ریاست کے 44 سرکاری ہاسپٹلس میں ٹیفا اسکیاننگ مشینوں کا افتتاح

   


پیٹلہ برج ہاسپٹل سے ہریش راؤ کا بیک وقت تمام مشینوں کا آغاز
حیدرآباد ۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیرصحت ٹی ہریش راؤ نے سرکاری ہاسپٹلس میں حاملہ خواتین کی سہولت کیلئے نئے قائم کردہ ٹیفا اسکیاننگ مشینوں کا افتتاح کیا۔ ریاست بھر میں بیک وقت 44 گورنمنٹ ہاسپٹلس میں قائم کردہ 56 ٹیفا اسکیاننگ مشینوں کا پیٹلہ برج ہاسپٹل سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ افتتاح کیا اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 100 میں 7 فیصد ایسے بچے ہوتے ہیں جن پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ٹیفا اسکیاننگ مشینوں کے ذریعہ ایسے بچوں کی نشاندہی ممکن ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے پیٹلہ برج ہاسپٹل سے ہی کے سی آر کٹ اسکیم کا آغاز کیا تھا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست بھر میں 99.2 فیصد انسٹی ٹیوشنل ڈیلوریز ہورہی ہیں اور حکومت ریاست میں زچہ و بچہ کی دیکھ بھال پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اسی حصہ کے طور پر حکومت نے 44 گورنمنٹ ہاسپٹلس میں 20 کروڑ کی لاگت سے 56 جدید ترین ٹیفا اسکیاننگ مشینوں کی سہولت فراہم کی ہے۔ ان کی مدد سے ہر ماہ تقریباً 20 ہزار حاملہ خواتین کا اسکیان کیا جاسکے گا۔ اگر یہی ٹسٹ خانگی ہاسپٹل میں کرایا جاتا ہے تو اس کے 2 تا 3 ہزار روپئے کے اخراجات ہوں گے جبکہ گورنمنٹ ہاسپٹلس میں مفت ٹسٹ کئے جائیں گے۔ ان مشینوں کی مدد سے ماں کے پیٹ میں موجود بچہ کے نقائص کو حمل کے مرحلہ میں آسانی سے معلوم کیا جاسکتا ہے تاکہ ضروری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔ ٹیفا اسکیاننگ 18 تا 22 ہفتوں کے درمیان کی جاتی ہے۔ن