ریاض ایکسپو 2030 کا پرچم سعودی عرب کے حوالے

   

پیرس / ریاض : 18جون ( ایجنسیز ) پیرس میں انٹرنیشنل بیورو آف ایگزبیشنز کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ریاض ایکسپو 2030 کی رجسٹریشن فائل کی حتمی منظوری دی گئی ہے۔سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق باضابطہ طور پر سعودی عرب کو اس عالمی ایونٹ کا میزبان ملک قرار دیا گیا ہے۔اجلاس کے دوران ایکسپو 2030 کا علامتی پرچم سعودی وفد کے حوالے کردیا گیا۔پیرس اجلاس میں سعودی وفد کی سربراہی وزیر مملکت، کابینہ کے رکن انجینئر ابراہیم محمد السلطان کررہے تھے۔ فرانس میں متعین سعودی سفیرفہد الرویلی کے علاوہ دیگر اعلی عہدیداران اس موقع پر موجود تھے۔ایکسپو فائل کی حتمی منظوری کا مرحلہ مکمل ہونے پر سعودی وفد کے سربراہ انجینئرابراہیم السلطان کا کہنا تھا کہ ایکسپو فائل کی منظوری اس بات کی علامت ہے کہ تیاری اور اس حوالے سے تمام جزئیات کی تکمیل انتہائی مہارت سے کی گئی جوسب کے لیے باعث مسرت امر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مملکت کی جانب سے ایکسپو کیلیے جو تیاریاں کی جارہی ہیں وہ اس بات کی دلیل ہیں کہ یہ ایکسپو کی تاریخ میں ایک منفرد اور مثالی نمائش ہوگی جو مملکت کے ویژن 2030 سے مطابقت رکھتی ہے۔