ریاض کے سفارت خانہ میں ’’یوم دستور ہند‘‘ کا اہتمام

,

   

کورونا وباء کے پیش نظر مدعوئین کی تعداد میں کمی

ریاض (کے این واصف ): سفارت خانہ ہند ریاض نے جمعرات کی شام ’’یوم دستور ہند‘‘ کا اہتمام کیا۔ کورونا کی وباء کی وجہ سے عائد پابندیوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے اس پروگرام میں بہت ہی محدود تعداد کو مدعو کیا گیا تھا۔ تقریباً 10 ماہ کے عرصہ بعد ایمبیسی آڈیٹوریم میں یہ پہلا پروگرام تھا۔ سفیر ہند ڈاکٹر اوصاف سعید نے سب سے پہلے دستور ہند کی تمہید Preamble پڑھا اور حاضرین نے کھڑے ہوکر اسے دہرایا جس کے بعد اوصاف سعید نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دستور ہند مساوات کا آئینہ دار ہے۔ وہ مذہب، ذات پات، رنگ و نسل، امیر غریب اور چھوٹے بڑے میں کوئی فرق نہیں کرتا۔ ہر شہری کو برابر کے حقوق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دستور دو سال 11 ماہ میں مکمل ہوا۔ اسے تحریر کرنے والے یا
Drafting Commettee
کے 326 اراکین تھے اور اس کمیٹی کے چیرمین ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر تھے جو ملک کے پہلے وزیر قانون بھی ہوئے۔ ڈاکٹر اوصاف نے کہا کہ تمہید Preamble ہمارے دستور کی روح ہے، جسے ابھی ہم نے دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد سے دستور میں بہت سی ترمیمات لائی گئیں مگر دستور کی اساسی حیثیت قائم رکھی گئی جو 1949ء میں مکمل ہوکر قبول کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر سعید نے بتایا کہ پچھلے 6 برس سے ہر سال 26 نومبر کو یوم دستور منایا جاتا ہے اور بھارت رتن ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 26 نومبر سے ہماری بہت سی یادیں وابستہ ہیں جس میں سفید انقلاب جس کے ذریعہ دودھ کے کاروبار کو منظم کرکے ہندوستان کو دنیا کی سب سے بڑی ڈیری (Dairy) بنایا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 26/11 ممبئی دہشت گرد حملے کی بھی یاد دلاتا ہے اور ہم اس حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور اپنی جان کھونے والے شہریوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے اور تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر اوصاف نے بتایا کہ سفارت خانہ ہند ریاض کووڈ کی پابندیوں کی وجہ سے سعودی عرب واپس نہ آپانے والے ہندوستانیوں اور ان کے ارکان خاندان کی واپسی کیلئے مسلسل کوشش کررہا ہے۔

اس سلسلے میں سعودی حکام کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے یہاں کے اقامہ رکھنے والوں کو ہندوستان سے واپس لایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عنقریب ویکسین بھی دستیاب ہوجائے گی لیکن تب تک احتیاط کے سلسلے کو سختی سے قائم رکھا جانا چاہئے۔ ابتداء میں سیکریٹری پریس اینڈ انفارمیشن عاصم انور نے خیرمقدم کیا۔ اس موقع پرFilm Division کی تیار کردہ تین معلوماتی ڈاکیومنٹریز بھی دکھائی گئیں اور ڈاکٹر امبیڈکر کی اہم تصویروں پر مشتمل ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ عاصم انور کے ہدیہ تشکر پر اس تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔