ریتو بندھو امداد کی آج سے اجرائی، چیف منسٹر کا اعلانِ

   

Ferty9 Clinic


7515 کروڑ کی اجرائی، کسانوں کو مرضی کے مطابق فصلوں کی کاشت کی اجازت

حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اعلان کیا کہ ریاست کے تمام کسانوں کو ریتو بندھو اسکیم کے تحت 28 ڈسمبر پیر سے مالی امداد کی اجرائی کا آغاز ہوگا۔ جنوری 2021 کے اختتام تک ریتو بندھو کی رقومات جاری کردی جائیں گی۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں ریتو بندھو پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ کے سی آر نے اعلان کیا کہ 1.52 کروڑ ایکر اراضی کیلئے 61.49 لاکھ کسانوں کو فی ایکر 5 ہزار روپئے کے حساب سے 7515 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر کسان کے بینک اکاؤنٹ میں رقم کی منتقلی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں مختلف فصلوں کی خریدی اور زرعی پالیسی کو بہتر بنانے کا جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر نے زرعی پیداوار کی خریدی کے سلسلہ میں عہدیداروں کو مناسب انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ اجلاس میں ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ، ایس نرنجن ریڈی، ریتو بندھو کے ریاستی صدر پی راجیشور ریڈی، نائب صدر نشین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار، حکومت کے مشیر راجیو شرما، چیف سکریٹری سومیش کمار کے علاوہ زراعت، مارکیٹنگ اور دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ عہدیداروں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سے مختلف فصلوں کی خریدی کے نتیجہ میں حکومت کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ دھان، مکئی، دال اور دیگر پیداوار کی خریدی سے 7500 کروڑ کا نقصان ہوا۔ حکومت نے اقل ترین امدادی قیمت ادا کرتے ہوئے یہ خریداری کی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دھان کی خریدی سے حکومت کو 3935 کروڑ جبکہ مکئی سے 1547 کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔ حکومت نے فصلوں کے سلسلہ میں کسانوں کو مکمل اختیارات دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ اپنی مرضی کے مطابق فصلیں اُگاسکیں۔