2023 میں 7 لاکھ 85 ہزار 485 پاسپورٹس کی اجرائی ، جے اسنہیجا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد پاسپورٹ آفیسر جے اسنہیجا ( آئی ایف ایس ) نے آج بتایا کہ ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد پاسپورٹس کی اجرائی میں ملک بھر میں 5 ویں نمبر پر ہے۔ سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ آفس نے سال 2023 میں اب تک 7 لاکھ 85 ہزار 485 پاسپورٹس جاری کئے ہیں جبکہ سال 2022 میں6,43,157 اور 2021 میں 4,28,246 پاسپورٹس جاری کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء سے قبل سال 2019 میں بھی5,32,785 پاسپورٹس جاری کئے گئے تھے۔ ملک بھر میں 2023 میں جملہ 1.5 کروڑ پاسپورٹس جاری کئے گئے تھے۔ اسنہیجا نے کہا کہ اس سال حاجیوں کی سہولت کیلئے خصوصی حج کاؤنٹر پاسپورٹ آفس میں قائم کیا گیا ہے اور اب تک 400 پاسپورٹس حاجیوں کیلئے جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی شراکت داری سے چلائے جانے والا حج کاؤنٹر 15جنوری تک کارکرد رہے گا اور عازمین حج پاسپورٹس کے حصول کیلئے اس کاؤنٹر سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ حیدرآباد پاسپورٹ آفیسر نے کہا کہ پاسپورٹس درخواستوں میں اضافہ کے پیش نظر ہفتہ کو بھی پاسپورٹ آفس کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پاسپورٹ آفس کے تحت 5 پاسپورٹ سیوا کیندر کام کررہے ہیں جبکہ 14 پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر کارکرد ہیں اور ان پاسپورٹ سیوا کیندر کے ذریعہ 4 ہزار پاسپورٹ درخواستیں وصول کی جاتی ہیں۔ اسنیہجا نے بتایا کہ اپائنٹمنٹ سسٹم میں مزید بہتری کیلئے یکم ڈسمبر 2023 میں کئی تبدیلیاں لائی گئی تھیں جس کے ذریعہ پیر، منگل اور جمعہ کو روزانہ کی اساس پر 250 پاسپورٹس اپائنٹمنٹس جاری کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ درخواست کے ادخال کیلئے اپائنٹمنٹ 22 دن بعد مل رہا ہے اور اس عرصہ کو کم کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں موجود پاسپورٹ سیوا کیندر کی طرز پر دیگر مقامات پر بھی پی ایس کے قائم کرنے پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ درخواستوں کے ادخال کو آسان بنانے کیلئے سکندرآباد پاسپورٹ آفس میں بھی ایک خصوصی کیمپ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت خارجہ کی جانب سے پاسپورٹ درخواستوں کے ادخال اور حصول کیلئے مزید تبدیلیاں لائی جائیں گی اور 2024 میں عوام کی سہولت کیلئے زیادہ سے زیادہ پاسپورٹس جاری کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد پاسپورٹ آفیسر نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ پاسپورٹ درخواستوں کے ادخال کیلئے بروکر یا کسی ایجنٹ کے جھانسہ میں نہ آئیں چونکہ درخواست کا ادخال آن لائن بڑی آسانی سے کیا جاسکتا ہے۔ب