بھوپال 10 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش میں برسر اقتدار کانگریس و اپوزیشن بی جے پی نے اپنے اپنے ارکان اسمبلی کو نامعلوم مقام کو منتقل کردینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کی خرید و فروخت کو روکا جاسکے ۔ کانگریس نے اپنے 92 ارکان اسمبلی کو نا معلوم مقام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ ہم اپنے ارکان اسمبلی کو ممکنہ طور پر کسی ہوٹل میں منتقل کر رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ کانگریس پارٹی اپنے حامی چار آزادا رکان اسمبلی پر بھی قریبی نظر رکھے ہوئے ہے ۔ بی جے پی نے بھی اپنے 107 ارکان اسمبلی کو متحد رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بی جے پی مقننہ پارٹی اجلاس کے بعد قائد اپوزیشن گوپال بھارگوا نے کہا کہ تمام ارکان اسمبلی کسی نامعلوم مقام پر ہولی منانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بسوں میں ائرپورٹ جا رہے ہیں ۔ وہاں سے ہم پارٹی قائدین کی ہدایت کے مطابق کہیں روانہ ہوجائیں گے ۔ انہوں نے اس مقام کا نام نہیں بتایا جہاں یہ ارکان اسمبلی منتقل کئے جا رہے ہیں۔ شائد کسی ریسارٹ کو انہیں منتقل کیا گیا ہے ۔
