ریلویز کا بجٹ علیحدہ پیش کیا جائے، ونود کمار کا پیوش گوئل کو مکتوب

   

حیدرآباد۔6 جولائی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سابق رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار نے وزیر ریلویز پیوش گوئل کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں علیحدہ طور پر پیش کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس سلسلہ وزیراعظم نریندر مودی کی توجہ مبذول کرائی جائے۔ ونود کمار نے عام بجٹ میں ریلوے بجٹ کو ضم کرنے کی مخالفت کی اور کہا کہ اس سے ریاستوں کو ناانصافی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم آئندہ مالیاتی سال سے ریلوے کا بجٹ علیحدہ طور پر پیش کیا جانا چاہئے جس کی سابق میں روایت رہی ہے۔ انڈین ریلویز دنیا کا سب سے بڑا نٹ ورک ہے جو 8.105 بلین مسافرین اور 1.108 بلین ٹن سامان کو سالانہ منتقل کرتا ہے۔ انڈین ریلویز دنیا کا آٹھواں سب سے بڑا آجر ہے جس کے ملازمین کی تعداد مارچ 2018ء میں 1.308 ملین رہی۔ آزادی کے بعد سے انڈین ریلویز ہر متوسط اور غریب ہندوستانی کے لیے ٹرانسپورٹ کا اہم ذریعہ رہا۔ اسے عام آدمی کی سواری بھی کہا جاسکتا ہے۔ تین سال قبل حکومت نے ریلوے بجٹ کو عام بجٹ میں ضم کردیا جس کے بعد سے نئی لائینوں اور پراجیکٹس کی منظوری امتیازی سلوک ہورہا ہے۔ ونود کمار نے پارلیمنٹ میں کل پیش کردہ بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ریلوے کو محض ایک نئے سرکاری محکمہ میں تبدیل کردیا ہے۔ وزیر فینانس نے بجٹ تقریر میں نئی ریلوے لائینوں کا کوئی تذکرہ نہیں کیا۔ صرف میٹرو ٹرینس اور بلٹ ٹرینس کی بات کہی گئی۔ سابق میں جب ریلوے بجٹ علیحدہ طور پر پیش کیا جاتا تھا توعوام کو نئی ٹرینوں کے متعارف کرنے نئی ریلوے لائینس بچھانے جاریہ پراجیکٹس کے لیے رقومات کی منظوری کا انتظار ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے بجٹ کے منتظر عوام کو بجٹ
تقریر سے مایوسی ہوئی اور عام آدمی کو کچھ حاصل نہیں ہوا۔ بجٹ کی پیشکشی کے 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود ملک کے عوام اور عہدیدار اپنے متعلقہ ریلوے زونس اور ڈیویژن میں الاٹ کردہ بجٹ سے لاعلم ہیں۔