نئی دہلی : اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے آج راجیہ سبھا میں حکومت پر الزام لگایا کہ وہ ریلوے کی ڈھانچہ جاتی ترقی کرنے کے بجائے اس کی نجکاری کرکے کارپوریٹ سیکٹر کو فائدہ پہنچانے میں مصروف ہے ۔ایوان میں کانگریس کے لیڈر نارائج بھائی راٹھوا نے چہارشنبہ کے روز ریلوے کی وزارت کے کام کاج پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت، ریلوے کی ڈھانچہ جاتی ترقی کے بجائے ٹرینوں سے لیکر ریلوے اسٹیشنوں اور ان کے آس پاس کے علاقوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے ہاتھوں میں سونپنے میں لگی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا نعرہ ہے ‘سب کاساتھ سب کاوکاس’ لیکن وہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا سرکاری اثاثوں کو فروخت کرکے یہ ممکن ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس سے سب کا وکاس ہونے کے بجائے سب کا وناش ہونے کا امکان ہے کیونکہ ریلوے مسائل کا پٹارہ بن جائے گا۔ کانگریس ارکان نے کہا کہ حکومت ریلوے کے نامکمل پروجیکٹوں پر توجہ نہیں دے رہی ہے ۔مسٹر راٹھوا نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی پہلی ٹرین تیجس چلائے جانے کے بعد اب حکومت نے 109 روٹوں پر ریل چلانے کے لئے نجی شعبے کی شراکت داری کا عمل شروع کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کا اہم مقصد ملک میں رابطے کی سہولت میں اضافہ اور ملک کے سبھی حصوں کو آپس میں جوڑنا ہے لیکن ان حقائق کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت داری سے یہ ممکن نہیں ہے کیونکہ نجی شعبے کیتوجہ ملک کوجوڑنے پر نہیں بلکہ اپنے منافع پر رہے گی۔