پنجہ گٹہ پولیس میں مقدمہ درج، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کی ڈپٹی کمشنر سے بحث و تکرار
حیدرآباد 16 جون (سیاست نیوز) کانگریس کے چلو راج بھون پروگرام میں پولیس عہدیداروں کے ساتھ کانگریس قائدین کی جھڑپ اور بحث و تکرار کے واقعات پیش آئے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور سابق مرکزی وزیر رینوکا چودھری پولیس عہدیداروں سے نہ صرف اُلجھ پڑے بلکہ ڈریس کو پکڑ لیا۔ پنجہ گٹہ پولیس کے ایک سب انسپکٹر کا رینوکا چودھری نے کالر پکڑ لیا اور گرفتار کرنے کی کوشش کو ناکام بنانے کی کوشش کی۔ بھٹی وکرامارکا نے ڈی سی پی ویسٹ زون کا شرٹ پکڑ لیا۔ تاہم دیگر عہدیداروں نے مداخلت کرکے دونوںکو بحث و تکرار سے روک دیا۔ سب انسپکٹر نے رینوکا چودھری کے خلاف شکایت درج کرائی جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔ راج بھون کے گھیراؤ کی کوشش کے دوران پولیس نے آگے بڑھنے والے کارکنوں کو روک دیا تھا۔ اِسی دوران رینوکا چودھری نے وضاحت کی کہ اُنھوں نے سب انسپکٹر اوپندر بابو کی توہین نہیں کی ۔ اُنھوں نے کہاکہ سب انسپکٹر اور دیگر کانسٹبلس نے اُنھیں پیچھے سے ڈھکیل دیا جس سے وہ برہم ہوگئیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھوں نے جان بوجھ کر سب انسپکٹر کا کالر نہیں پکڑا بلکہ خود کو سنبھالنے کے دوران اتفاق سے ہوگیا۔ رینوکا چودھری نے کہاکہ پولیس عہدیداروں اور ملازمین کا احترام کرتی ہیں اور کسی کی دانستہ توہین کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ رینوکا چودھری نے کہاکہ میں جانتی ہیں کہ یونیفارم کا احترام کس طرح کیا جائے۔ جس وقت کانگریس قائدین کو گرفتار کرنے عہدیدار پہونچے بھٹی وکرامارکا اور ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی۔ ایک مرحلہ پر بھٹی وکرامارکا نے ڈی سی پی کا شرٹ پکڑ لیا۔ بعد میں کانگریس قائدین کو حراست میں لے کر مختلف پولیس اسٹیشنوں کو منتقل کردیا گیا۔ اِسی دوران سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے کہاکہ پولیس کی جانب سے اشتعال انگیزی کے سبب بحث و تکرار ہوئی ۔ر