رین بازار پولیس کی ہراسانی سے ایک شخص کی خودکشی

   

حیدرآباد 7 ستمبر ( سیاست نیوز ) پرانے شہر یاقوت پورہ میں پولیس ہراسانی سے تنگ ایک شخص نے خود کشی کرلی ۔ ایک ویڈیو تیار کرنے کے بعد 50 سالہ محمد یونس نے پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ یونس رین بازار پولیس کی ہراسانی کا شکار تھے ۔ جنہیں گذشتہ ایک ماہ سے پولیس پریشان کررہی تھی ۔ پولیس کی ہراسانی کے سبب یونس کام پر بھی نہیں جارہے تھے ۔ انہوں نے پولیس کے خوف سے کل رات اپنے بھائی کے گھر گذاری اور صبح اپنے مکان پہونچنے کے بعد خود کشی کرلی ۔ والد کے اس اقدام پر ان کی بیٹی انصاف کا مطالبہ کررہی ہے ۔ یونس کی موت سے یتیم لڑکی نے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔ محمد یونس کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور عوام نے خاطی پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یونس کی بہن کا لڑکا ایک لڑکی کے ساتھ فرار ہوگیا ۔ کچھ عرصہ بعد رین بازار پولیس نے یونس کو ہراساں کرنا شروع کردیا ۔ یونس کے مکان پہونچنا اور ہراساں کرکے دھمکی دی جاتی اور بھانجے کا پتہ بتانے دباؤ ڈالا جارہا تھا ۔ یونس پولیس رین بازار کی ان حرکتوں سے تنگ تھے اور پولیس کی اذیت سے وہ دل برداشتہ ہوگیا تھا ۔ پولیس نے اس قدر پریشان کیا کہ وہ انتہائی اقدام کرلیے ۔ خود کشی سے قبل سیلفی ویڈیو میں بیٹی اور بیوی کے متعلق فکر کا اظہار کیا ۔ ان کی لڑکی انٹر کی طالبہ ہے ۔ پولیس یونس کی موت کو مالی مشکل اور صحت کا مسئلہ قرار دے رہی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ سمن حوالے کرنے جایا کرتی تھی ۔ پولیس کے اس بیان پر عوام نے افسوس کا اظہار کیا ہے اور خاطی پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ ع