ریونت ریڈی، بھٹی اور شرمیلا راہول گاندھی کی یاترا میں شریک

,

   

دونوں تلگو ریاستوں کے اہم قائدین خصوصی قافلہ میں دہلی سے منی پور پہنچے
حیدرآباد۔/14 جنوری( سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی کی منی پور سے بھارت جوڑو نیائے یاترا کے آغاز کے موقع پر ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے قائدین نے شرکت کرتے ہوئے اپنی مکمل تائید کا یقین دلایا۔ ریاستوں میں پردیش کانگریس کے صدور، سی ایل پی لیڈرس کے علاوہ سینئر قائدین راہول گاندھی کے ہمراہ قافلہ میں نئی دہلی سے منی پور پہنچے۔ چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ، آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی صدر ردرا راجو پدما راجو کے علاوہ حال میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والی وائی ایس شرمیلا نے نئی دہلی سے منی پور پہنچ کر یاترا سے اظہار یگانگت کیا۔ ریونت ریڈی اور وائی ایس شرمیلا نے سوشیل میڈیا میں اپنی تصاویر اَپ لوڈ کی ہیں۔ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کے کانگریس میں انضمام کے بعد وائی ایس شرمیلا کانگریس کے کسی پروگرام میں پہلی بار شریک ہوئیں۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ملک میں برسراقتدار آئے گی اور ملک کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی پہلے مرحلہ کی یاترا کی طرح دوسرا مرحلہ بھی کامیاب رہے گا۔ بی جے پی راہول گاندھی سے خوفزدہ ہے اور رکاوٹیں کھڑی کرنا چاہتی ہے۔ ریونت ریڈی رات میں منی پور سے نئی دہلی واپس ہوگئے کیونکہ وہ 15 جنوری کو ڈاؤس روانہ ہورہے ہیں۔ ان کے ہمراہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو اور اعلیٰ عہدیدار موجود رہیں گے۔ وائی ایس شرمیلا نے بھارت جوڑو نیائے یاترا کے بارے میں سوشیل میڈیا پر لکھا کہ ہم ہر گھر پر دستک دیں گے جب تک کہ انصاف کا حق حاصل نہ کرلیں۔ ہم نے ہر راستہ پارلیمنٹ تک اختیار کیا اور یہ سلسلہ انصاف کا حق ملنے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے سہو مت، ڈرو مت کا نعرہ تحریر کیا۔ دونوں تلگو ریاستوں کے کئی قائدین یاترا میں راہول گاندھی کے ساتھ شامل رہیں گے۔1