ریونت ریڈی حکومت میعاد مکمل نہیں کرے گی، وسط مدتی چناؤ یقینی

   

بی آر ایس سربراہ کے سی آر کا دعویٰ، 4 ماہ میں کانگریس حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی، بی آر ایس کی انتخابی مہم سے خطاب

حیدرآباد۔/5 مئی، ( سیاست نیوز) بی آر ایس سربراہ و سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سنسنی خیز ریمارک کیا ہے کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت میعاد مکمل نہیں کرے گی اور وسط مدتی انتخابات یقینی ہیں۔ کے سی آر نے کریم نگر لوک سبھا حلقہ کے تحت پارٹی امیدوار ونود کمار کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے روڈ شو سے خطاب کیا۔ سابق چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں جب کبھی انتخابات ہوں گے بی آر ایس دوبارہ برسراقتدار آئے گی۔ کے سی آر نے کہاکہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کی شکست عارضی ہے۔ سیاست میں شکست اور کامیابی فطری عمل ہے اور صرف کامیابی کو ہی سب کچھ نہ سمجھا جائے۔ شکست ہو یا جیت بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کو عوام کے درمیان رہنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی موجودہ ریاستی حکومت وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے اور میعاد کی تکمیل سے قبل حکومت زوال کا شکار ہوجائے گی اور دوبارہ بی آر ایس برسراقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے دریاؤں کے پانی پر تلنگانہ کے حقوق کا تحفظ کیا تھا۔ کے سی آر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی تلنگانہ کا پانی دیگر ریاستوں کو منتقل کررہے ہیں لیکن ریونت ریڈی خاموش ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بنڈی سنجے نے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے کریم نگر کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کانگریس اور بی جے پی کو سبق سکھائیں۔کے سی آر نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں تلنگانہ نے بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنائی تھی لیکن کانگریس برسراقتدار آتے ہی سرمایہ کاری کا سلسلہ بند ہوچکا ہے اور کئی ادارے ٹاملناڈو منتقل ہوچکے ہیں۔ کے سی آر نے کہا کہ 2001 میں علحدہ تلنگانہ تحریک کا آغاز ہوا تھا اور آج بھی یہ تحریک جاری ہے۔ تلنگانہ کے حقوق کیلئے بی آر ایس نے جدوجہد جاری رکھی ہے اور عوام کو اس جدوجہد میں شریک ہونا چاہیئے۔1