بی آر ایس کے رکن اسمبلی وی پرشانت ریڈی کو گھر پر نظر بند کرنے کی مذمت
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ہریش راؤ نے بی آر ایس کے رکن اسمبلی ویمولا پرشانت ریڈی کو پولیس کی جانب سے ان کی قیام گاہ پر نظر بند کردینے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کے اس اقدام کو جابرانہ اور غیر جمہوری قرار دیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سابق وزیر وی پرشانت ریڈی نے بھیمگل میونسپلٹی کے زیر التواء ترقیاتی کاموں 100 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل کی تعمیر اور مقامی آر ٹی سی ڈپو کی تزئین و آرائش جیسے اہم عوامی مسائل پر کانگریس حکومت کے خلاف بطور احتجاج اپنی رہائش گاہ پر ایک روزہ پرامن بھوک ہڑتال کا آغاز کیا تھا ۔ تاہم بھوک ہڑتال شروع ہوتے ہی پولیس کی بھاری جمعیت ان کی رہائش گاہ پہونچ گئی اور انہیں زبردستی گھر کے اندر بھیج کر نظر بند کردیا ۔ جس کی وجہ سے احتجاجی مہم میں رکاوٹ پیدا ہوئی ۔ بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر نے اس کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی حکومت ہونے کا راگ الاپنے والی کانگریس کا اصلی چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے ۔ اپوزیشن کی آواز کو دبانا اور ریاست کو پولیس کے زور پر چلانا ریونت ریڈی حکومت کی عادت بن چکی ہے ۔ پرامن طریقے سے احتجاج کرنے والے ایک سابق وزیر کو ان کے اپنے گھر میں قید کردینا اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست میں ہٹلر کے جذبے کے تحت جمہوریت کا قتل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ طاقت کے نشے میں چور حکومت کو عوام جلد ہی سبق سکھائیں گے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کانگریس حکومت عوامی مسائل پر سوال اٹھانے والے اپوزیشن قائدین کے خلاف جابرانہ ہتھکنڈے بند کرے ۔۔ 2/a/b