ریونت ریڈی ‘راہول گاندھی کے پرچہ ادخال کے موقع پر شریک

   

راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی سے انتخابی مہم پر بات چیت
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی لکھنو کے رائے بریلی لوک سبھا حلقہ سے کانگریس قائد راہول گاندھی کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر شرکت کے بعد حیدرآباد واپس ہوگئے۔ ریونت ریڈی آج صبح حیدرآباد سے خصوصی طیارہ میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کے ہمراہ رائے بریلی روانہ ہوئے تھے۔ ملکارجن کھرگے کرناٹک سے حیدرآباد پہنچے اور تلنگانہ قائدین کے ساتھ اترپردیش روانہ ہوئے۔ رائے بریلی میں راہول گاندھی نے لوک سبھا چناؤ کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر سونیا گاندھی ، پرینکا گاندھی ، کے سی وینو گوپال ، اشوک گہلوٹ ، ریونت ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں انتخابی مہم پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں قائدین آئندہ ہفتہ تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ راہول گاندھی کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد چیف منسٹر حیدرآباد واپس ہوگئے اور دھرما پوری اور اپل میں پارٹی کے روڈ شو میں شرکت کی۔ چیف منسٹر آج صبح کانگریس کا تلنگانہ منشور جاری کرنے والے تھے لیکن رائے بریلی روانگی کے سبب دیپا داس منشی کو ذمہ داری دی گئی۔ 1