ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کیخلاف گجویل پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کروایا

   

کانگریس کی جانب سے ریاست میں بڑے پیمانے پر مقدمات درج کرائے گئے، کے سی آر پر دستور کی توہین کا الزام

حیدرآباد ۔ 5 فبروری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے دستور کی توہین کرنے کے خلاف گجویل پولیس اسیٹشن میں چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف شکایت درج کرائی اور چیف منسٹر کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے آج ریاست کے مختلف پولیس اسٹیشنس میں چیف منسٹر کے خلاف بڑے پیمانے پر مقدمات درج کرائے گئے۔ ریونت ریڈی نے سرکل انسپکٹر ویرا پرساد کو دستورہند کا کتابچہ پیش کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ہندوستانی پارلیمانی نظام میں 51 فیصد نشستوں کے حصول پر چیف منسٹر اور وزیراعظم کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ جس دستور نے کے سی آر کو چیف منسٹر بننے کا موقع فراہم کیا ہے۔ اسی جمہوری عہدے پر فائز رہتے ہوئے کے سی آر دستور کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ مرکزی بجٹ کی خلاف ورزی کرنے میں کوئی برائی نہیں ہے۔ ریاست کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو اجاگر کیا جانا چاہئے۔ تلنگانہ کو مزید فنڈز دینے کا مطالبہ کیا جانا چاہئے لیکن چیف منسٹر نے دستور کی توہین کی ہے جس پر کانگریس کو اعتراض ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے سرکل انسپکٹر سے خواہش کی وہ چیف منسٹرکی پریس کانفرنس کا تفصیلی جائزہ لیں۔ جو خلاف ورزی ہوئی ہے اس پر دستور کے لحاظ سے کارروائی کریں۔ دستور کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کرنا امبیڈکر کی توہین کرنے کے مترادف ہے۔ن