گاندھی بھون میں اجلاس کے بجائے زوم میٹنگ کی مخالفت
حیدرآباد۔/19 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگاریڈی نے پھر ایک مرتبہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس پارٹی کو پرائیویٹ کمپنی کی طرح چلانے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا اور منوگوڑ کے ضمنی انتخاب کے بعد پہلی مرتبہ کانگریس پارٹی کا اجلاس طلب کیا جارہا ہے۔ گاندھی بھون میں اجلاس طلب کرنے کے بجائے زوم میٹنگ میں اجلاس منعقد کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گاندھی بھون میں کیا 10 قائدین بیٹھ کر اجلاس میں حاضر بھی نہیں ہوسکتے۔ زوم میٹنگ کے انعقاد کیلئے کانگریس پارٹی کیا کوئی خانگی کمپنی ہے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ چند ٹیلی ویژن چیانلس کے خصوصی پروگرامس کی وجہ سے ریونت ریڈی کو پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت حاصل ہوئی ہے۔ کانگریس کے قائد ایم ششی دھر ریڈی پارٹی تبدیل کررہے ہیں اس معاملہ میں ریونت ریڈ، بٹی وکرامارک اور مہیش کمار گوڑ کیا کررہے ہیں۔ قائدین کو پارٹی سے مستعفی ہونے سے روکنے اور سمجھانے کی ذمہ داری کیا ریونت ریڈی پر نہیں ہے۔تمام قائدین پارٹی چھوڑ کر چلے گئے تو ریونت ریڈی گاندھی بھون میں تنہا کیا کریں گے۔ 12 ارکان اسمبلی کو سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے سے روکنے میں اتم کمار ریڈی اور ملوبٹی وکرامارک پوری طرح ناکام ہوگئے۔ مانکیم ٹیگور بھی پارٹی کے تمام قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے میں ناکام ہیں۔ن