برطانیہ اور امریکہ کا 30 اگست تک دورہ
حیدرآباد۔13۔اگسٹ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بیرونی دورے کے شیڈول میں صرف دو ممالک کا دورہ شامل رہ سکتا ہے اور چین اور جرمنی کے پروگرام کو منسوخ کئے جانے کی اطلاع ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 19 اگست تا 30 اگست ریونت ریڈی برطانیہ اور امریکہ کا دورہ کریں گے۔ ابتدائی مرحلہ میں 19 اگست تا 10 ستمبر چار ممالک کے دورہ کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ستمبر کے پہلے ہفتہ میں قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے مانسون سیشن کے آغاز کے پیش نظر چیف منسٹر نے بیرونی دورہ کے پروگرام کو دو ممالک تک محدود کردیا ہے۔ برطانیہ اور امریکہ کی یونیورسٹیز کو تلنگانہ میں کیمپس قائم کرنے کی دعوت کے علاوہ ریونت ریڈی سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں گے۔ چیف منسٹر کی موجودگی میں مختلف اداروں کے ساتھ یادداشت مفاہمت کا امکان ہے۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر یونیورسٹی آف آکسفورڈ ، لندن بزنس اسکول ، یونیورسٹی آف کیمبرج اور لندن اسکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹکل سائنس کا دورہ کریں گے۔ اسپورٹس یونیورسٹیز کے علاوہ اسپورٹس کی انفراسٹرکچر سہولتوں اور پراجکٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ریونت ریڈی 23 تا 29 اگست امریکہ کے مختلف شہروں کا دورہ کریں گے۔1/k