ریونت ریڈی کا حکومت پر کنٹرول ختم ، لا اینڈ آرڈر کی ابتر صورتحال

   

کھمم میں معصوم لڑکی کی عصمت ریزی ، ملکاجگری میں خاتون پر فائرنگ ، کویتا کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ رکشنا سینا کی سربراہ سابق ایم ایل سی کے کویتا نے ریاست میں امن و امان کی دگرگوں صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ سوشیل میڈیا پر جاری ایک بیان میں انہوں نے الزام لگایا کہ ریونت ریڈی کے دور حکومت میں لا اینڈ آرڈر پوری طرح خراب ہوچکا ہے ۔ خواتین اور معصوم لڑکیوں پر عصمت ریزی اور وحشیانہ حملوں کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں ۔ کویتا نے کھمم ہیڈکوارٹر میں پیش آنے والے ہولناک واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک 50 سالہ شخص کی جانب سے 12 سالہ معصوم بچی کو درندگی کا نشانہ بنانا اور پھر اسے قتل کرنے کی نیت سے اپارٹمنٹ کی پانچویں منزل سے ڈھکیل دینا قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی ہیڈکوارٹرس پر اس طرح کے سنگین مظالم کھلے عام ہورہے ہیں تو ریاست کے دور دراز اور دیہی علاقوں میں خواتین اور لڑکیوں کے تحفظ کی کیا ضمانت ہے ؟ ملکاجگری میں ایک شوہر کی جانب سے اپنی بیوی کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے واقعے پر تنقید کرتے ہوئے کویتا نے پولیس اور انتظامیہ کی بڑی غفلت کو بے نقاب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ملزم تین ماہ قبل بھی سرعام بندوق کے زور پر لوگوں کو دھمکیاں دے رہا تھا اگر پولیس اسی وقت گرفتار کر کے سخت کارروائی کرتی تو آج ایک معصوم خاتون کی جان نہ جاتی اور پورا خاندان تباہ ہونے سے بچ جاتا ۔ کویتا نے کہا کہ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی ابتر صورتحال ہوچکی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اپنی حکمرانی پر کنٹرول کھو چکے ہیں ۔ حکومت ان تمام سنگین جرائم اور انتظامی کارروائی کی اخلاقی ذمہ داری قبول کریں ۔۔ 2/m/b