صدر پی سی سی عہدہ سنبھالنے کے بعد نرمل کا پہلا دورہ ، عوام نے شاندار استقبال کیا
نرمل :12جولائی ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی عہدہ سنبھالنے کے بعد ضلع نرمل کا پہلا دورہ کیا اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج میں حصہ لیا ۔ ریونت ریڈی کو نرمل کی سرحد سے موٹر سیکل ریالی کے ذریعہ نرمل لایا گیا جس میں بڑی تعداد میں کانگریس کارکنوں اور نوجوانوں نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی نرمل مہیشور ریڈی ، مدہول انچارج نارائن راؤ پٹیل اور دوسرے موجود تھے ۔ راستہ میں ریونت ریڈی کی بکثرت گلپوشی کی گئی ۔ ریونت ریڈی نے روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی و ریاستی حکومتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ پٹرول کی قیمتیں 100/-روپئے سے تجاوز کرگئی ہے ۔ ملک کو مودی اور ریاست کو کے سی آر حکومتیں تباہ و برباد کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پڑوسی ممالک برما ، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں پٹرول کی قیمتیں 40 تا 70روپئے فی لیٹر ہے ۔انہوں نے عوام سے کہا کہ چندر شیکھر راؤ کا لکی نمبر 6 اور میرا نمبر 9ہے ۔ اتفاق سے نرمل اسمبلی حلقہ کا نمبر بھی 9 ہے ۔ وہ دن دور نہیں جب 6نمبر کو الٹا کردیا جائے گا اور کانگریس کی اقتدار میں واپسی یقینی ہوگی ۔ دھوکہ دے کر کانگریس سے تلنگانہ حاصل کرنے والی قیادت سے عوام کو کیا مل رہا ہے وہ بتانے کی ضرورت نہیں ۔ پٹرول و ڈیزل کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہے ۔ریونت ریڈی نے وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس کارکنوں کو متحد ہوکر ٹی آر ایس قائدین کی بدعنوانیوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔ مہیشور ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس اور اس کے قائدین بدعنوانیوں میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ریونت ریڈی کی قیادت میں سارے تلنگانہ میں کانگریس کی لہر واضح نظر آرہی ہے ۔ ریونت ریڈی کو صدر پردیش کانگریس بنانے کے بعد پارٹی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں نظر آرہی ہیں ۔