ہر منڈل کیلئے سینئر قائدین انچارج مقرر ، ہر گاؤں میں کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ
حیدرآباد ۔16۔اگست (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے منگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کی تیاریوں کو تیز کرتے ہوئے ہر منڈل کیلئے سینئر قائدین کو انچارج مقرر کیا ہے۔ اس حلقہ کو برقرار رکھنے کیلئے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں اور انہوں نے سینئر قائدین کو متحرک کردیا ہے تاکہ ہر منڈل میں پارٹی کارکنوں کا حوصلہ بڑھایا جائے۔ کورونا سے متاثر ہونے کے سبب ریونت ریڈی نے منگوڑ میں ترنگا ریالی میں شرکت نہیں کی۔ تاہم وہ ضلع کے سینئر قائدین سے ربط میں ہیں۔ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے بھائی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو انتخابی مہم میں شامل کرنے کیلئے ہائی کمان نے مداخلت کی ہے۔ ریونت ریڈی نے معذرت خواہی کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی کو اخلاقی طور پر مہم میں شامل ہونے کیلئے مجبور کیا ہے۔ اسی دوران ہر منڈل میں کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے انچارجس کا تقرر کیا گیا ۔ چوٹ اپل منڈل کے لئے سابق وزیر رام ریڈی دامودر ریڈی اور این راجندر ریڈی کو انچارج مقرر کیا گیا۔ نارائن پور منڈل کے لئے سابق مرکزی وزیر بلرام نائک اور جی ستیہ نارائنا کو انچارج مقرر کیا گیا۔ منگوڑ منڈل کیلئے رکن اسمبلی سیتکا اور سابق رکن اسمبلی وجئے راما راؤ ، نامپلی منڈل کے لئے انجن کمار یادو اور ملو روی ، گٹو اپل کیلئے ایس اے سمپت کمار اور اے سرینواس ، چنڈور منڈل کیلئے ای انیل اور ڈاکٹر ومشی کرشنا جبکہ مری گوڑہ منڈل کیلئے سی سدھاکر اور وی نریندر ریڈی کو انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ ہر منڈل میں پارٹی قائدین کے اجلاسوں کی تاریخ طئے کی گئی اور 17 اگست سے پارٹی کارکنوں کے اجلاس شروع ہوں گے ۔ ہر گاوں کے لئے 8 افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور خواتین کو نمائندگی رہے گی۔ر