ریونت ریڈی کی پد یاترا میں جوش و خروش، سماج کے مختلف طبقات سے ملاقات

   

خواتین نے آرتی اتاری، ذاتی خرچ سے اولڈ ایج ہوم میں بورویل کا انتظام، اسکول کا معائنہ اور آر ٹی سی مسافرین کے مسائل کی سماعت
حیدرآباد۔13۔ فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پد یاترا آج ساتویں دن بھی جاری رہی۔ ریونت ریڈی نے پناپاکا اسمبلی حلقہ کے کئی دیہاتوں اور منڈلوں کا احاطہ کرتے ہوئے عوام کے مختلف طبقات سے ملاقات کی ۔ ریونت ریڈی کے ہمراہ ارکان اسمبلی پی ویریا اور سیتکا کے علاوہ ضلع سے تعلق رکھنے والے قائدین موجود تھے۔ پد یاترا کا ساتواں دن گولاپلی اشوا پورم منڈل سے شروع ہوا اور سینکڑوں کی تعداد میں پارٹی کارکن پد یاترا میں شامل ہوئے۔ ریونت ریڈی نے توگڑم گاؤں میں لنچ کیلئے توقف کیا اور شام میں منگور کے مقام پر کارنر میٹنگ سے خطاب کیا۔ پد یاترا کے دوران جگہ جگہ ریونت ریڈی کا استقبال کیا گیا ۔ خواتین نے ریونت ریڈی کی آرتی اتاری اور پد یاترا کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے ضعیف مرد و خواتین نے ریونت ریڈی کو آشیرواد دیا۔ ریونت ریڈی سے پد یاترا کے دوران گوداوری کے پانی سے زیر آب آنے والے علاقوں کے متاثرین نے ملاقات کی ۔ انہوں نے کہا کہ جولائی 2022 ء میں چیف منسٹر کے سی آر نے مکانات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج تک وعدہ پورا نہیں ہوا۔ ریونت ریڈی نے متاثرین سے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کریں گے اور کانگریس برسر اقتدار آنے پر ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ صدر پردیش کانگریس نے راستہ میں آر ٹی سی بسوں میں سفر کرنے والے مسافرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کی سماعت کی ۔ ایشوا پورم میں ریونت ریڈی نے بیت المعمرین کا دورہ کیا اور ضعیف خواتین سے ملاقات کی۔ انہوں نے پانی کے مسائلہ کی مستقل یکسوئی کیلئے اپ نی جانب سے بورویل کی کھدائی کا وعدہ کیا اور مقامی قائدین کو اس کام کی ذمہ داری دی ۔ اس موقع پر کانگریس قائدین کی جانب سے بیت المعمرین کی خواتین کیلئے لنچ کا اہتمام کیا گیا ۔ ضعیف خواتین نے ذاتی خرچ سے بورویل کی کھدائی پر ریونت ریڈی کو دعائیں دیں۔ انہوں نے ایس سی کالونی کا دورہ کرتے ہوئے مقامی مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ انہوں نے جھونپڑیوں میں زندگی بسر کرنے والوں کو پکے مکانات کی فراہمی کا وعدہ کیا۔ آر ٹی سی ورکرس نے ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور آر ٹی سی کے تحفظ کی مانگ کی ۔ انہوں نے آنگن واڑی اسکول کا معائنہ کرتے ہوئے طلبہ اور اساتذہ سے ملاقات کی ۔ ریونت ریڈی نے اسکولی طلبہ میں چاکلیٹ تقسیم کئے ۔ رکن اسمبلی پی ویریا نے کہا کہ ریونت ریڈی کی پد یاترا سے تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے۔ پد یاترا میں تمام اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کیا جائے گا ۔ ریونت ریڈی نے محبوب آباد پارلیمانی حلقہ کے پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے محبوب آباد ضلع میں پد یاترا کی کامیابی پر کارکنوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کانگریس کا اقتدار یقینی ہے اور سماج کے ہر طبقہ کی بھلائی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ گزشتہ 8 برسوں میں کے سی آر نے ایک بھی انتخابی وعدہ کی تکمیل نہیں کی ۔ ریونت ریڈی کل 14 فروری کو بھدرا چلم اسمبلی حلقہ سے پد یاترا کا آغاز کریں گے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ان کے ساتھ شریک ہوں گے ۔ر