پرکالہ اسمبلی حلقہ میں پدیاترا اور جلسہ عام، کانگریس ہائی کمان کی جانب سے ستائش
حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا کا کل 27 فروری ورنگل کے پرکالہ اسمبلی حلقہ سے آغاز ہوگا۔ ریونت ریڈی پدیاترا برائے تبدیلی کے تحت 6 فروری سے ملگ ضلع میں پدیاترا کے آغاز کے بعد بھوپال پلی، کتہ گوڑم اور ورنگل کے مختلف اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کررہے ہیں۔ انہوں نے 22 فروری کو بھوپال پلی میں پدیاترا کو توقف دیا تھا۔ چھتیس گڑھ میں کانگریس کے پلینری سیشن میں شرکت کیلئے ریونت ریڈی دیگر قائدین کے ساتھ روانہ ہوئے تھے۔ پلینری سیشن کے بعد وہ آج رات حیدرآباد واپس ہوگئے اور کل 27 فروری سے پدیاترا کا آغاز ہوگا۔ پرکالہ میں پدیاترا کا 15واں دن ہوگا اور ریونت ریڈی سہ پہر 4 بجے پولی گیلہ گاؤں سے پدیاترا کا آغاز کریں گے اور پرکالہ ٹاؤن میں شام میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ریونت ریڈی کی پدیاترا کو کانگریس ہائی کمان کی تائید حاصل ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس پلینری سیشن میں اے آئی سی سی کے کئی قائدین نے ریونت ریڈی کو پدیاترا کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ ریونت ریڈی نے صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور دیگر قائدین کو پدیاترا کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان نے پارٹی کے سینئر قائدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا میں شرکت کریں۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا علحدہ پدیاترا کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ تلنگانہ میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کی کامیابی پر نئے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے خصوصی توجہ مرکوزکی ہے۔ وہ ہر اسمبلی حلقہ میں یاترا کو یقینی بنانے کیلئے سرگرم ہیں اور پارٹی قائدین کے ساتھ کئی اجلاس منعقد کئے۔ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹس کو مختلف لوک سبھا حلقوں اور جنرل سکریٹریز کو اسمبلی حلقہ جات کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ر