کارنامے بیان کرنے کیلئے کچھ نہیں، صدر حیدرآباد کانگریس سمیر ولی اللہ کا الزام
حیدرآباد۔/14 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے ریونت ریڈی کے خلاف مجلس کی جانب سے شخصی حملوں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حقیقی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے ریونت ریڈی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ نے چارمینار اسمبلی حلقہ میں پارٹی امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ اسد اویسی اور اکبر اویسی کانگریس قائدین کے خلاف غیر مہذب الفاظ کا استعمال کررہے ہیں۔ اویسی برادران کے پاس پرانے شہر میں ترقی کے بارے میں کہنے کیلئے کچھ نہیں لہذا کانگریس قائدین بالخصوص ریونت ریڈی پر شخصی حملے کررہے ہیں۔ دراصل حیدرآباد میں کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے مجلسی قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوامی مسائل کی بنیاد پر انتخابی مہم چلارہی ہے اور عوام کو کانگریس کی 6 ضمانتوں سے واقف کرایا جارہا ہے۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ مجلسی قیادت کو اپنا محاسبہ کرنا چاہیئے۔ کارکردگی اور کارناموں کو بیان کرتے ہوئے عوام سے ووٹ کی اپیل کرنے کے بجائے شخصی حملے ناکامی کے خوف کو ظاہر کرتے ہیں۔ کانگریس پارٹی شہر کے اسمبلی حلقہ جات میں بی آر ایس اور مجلس کو بے نقاب کرنے کیلئے مہم جاری رکھے گی۔