ڈاکٹر ملو روی کا کے ٹی آر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد۔9۔ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ریمارکس پر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ ڈاکٹر ملو روی نے کمشنر پولیس حیدرآباد اور بیگم بازار پولیس اسٹیشن میں دو علحدہ تحریری شکایتیں درج کرتے ہوئے کے ٹی آر کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ہے۔ ملو روی نے کہا کہ بیگم بازار پولیس اسٹیشن میں دی گئی درخواست کے ذریعہ بی این ایس کی دفعات 356 اور 3522 کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی گئی۔ ڈاکٹر ملو روی نے کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار کو علحدہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے چیف منسٹر کے خلاف کے ٹی آر کے بیان کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ ڈاکٹر ملو روی نے کہا کہ کے ٹی آر اور دیگر بی آر ایس قائدین چیف منسٹر کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کر رہے ہیں۔گزشتہ تین دنوں کے دوران بی آر ایس نے امن و ضبط کی صورتحال بگاڑنے کی سازش کی ہے۔ ملو روی نے کہا کہ کے ٹی آر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی کے خلاف انتہائی غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کیا جو بازاری زبان کا حصہ ہے۔ یہ کوئی سیاسی تنقید نہیں بلکہ انتہائی گھٹیا زبان کا استعمال کرتے ہوئے ریونت ریڈی کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں فوری ایف آئی آر درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی کرنی چاہئے ۔ ملو روی نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس قائدین دلتوں کی توہین کے مرتکب ہوئے ہیں۔1/k