ریونیو عہدیداروں پر ہراسانی کا الزام

   

ضلع محبوب آباد دنتا لا پلی تحصیل آفس پر نوجوان کا اقدام خود سوزی

حیدرآباد۔/20نومبر، ( سیاست نیوز) ضلع محبوب آباد ، دنتالا پلی تحصیل آفس کے روبرو ایک نوجوان کی جانب سے اس کی اراضی کو ریونیو عہدیداروں کی جانب سے دیگر افراد کے نام پر پٹہ کردینے کا الزام عائد کرکے ریونیو عہدیداروں کے اس اقدام سے دلبرداشتہ ہوکر اپنے جسم پر پٹرول چھڑک لے کرخودکشی کرلینے کی کوشش کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتاہے کہ کمری کنٹلا موضع سے تعلق رکھنے والے آئی اوپلیا نے سال2012 میں ٹی وینکٹیا سے آٹھ ایکڑ اراضی کی خریدی کی تھی لیکن مکمل رقم ادا نہ کرنے کی وجہ سے اراضی کا رجسٹریشن نہیں ہوسکا اور اس دوران وینکٹیا اور اس کے فرزند وشنو کی موت واقع ہوگئی۔ جس کی روشنی میں ایک ماہ بعد آئی اوپلیا نے وشنو کی بیوی سریتا سے ملاقات کرکے انہیں ( اوپلیا کو ) فروخت کردہ اراضی کا رجسٹریشن کروانے کی خواہش کی جس پر سریتا نے مناسب رسائد نہ رہنے، جعلی رسائد کا اظہار کرتے ہوئے مزید رقومات ادا کرنے کا مطالبہ کرنے پر اس بات سے انکار کردیا۔ اور چند دن بعد جعلی دستخط کے ذریعہ اوپلیا نے سادہ بیعنامہ کیلئے درخواست پیش کرنے کی اطلاع پر سریتا نے عہدیداران ریونیو سے شکایت کرنے پر ریونیو عہدیداروں نے شکایت کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے آٹھ ایکڑ اراضی کا پٹہ پاس بک سریتا کے نام منظور کرکے جاری کردیا۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ آئی اوپلیا کی بھی موت واقع ہونے پر اس کے لڑکے آئی اوم شنکر نے اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جس پر سریتا نے عدالت سے رجوع ہوکر انجکشن آرڈر حاصل کرلیا جس کے بعد دونوں خاندانوں کے مابین جھگڑے پیدا ہونے کی وجہ سے پولیس اسٹیشن میں کیس بھی درج کئے گئے۔ لیکن حالیہ دنوں کے دوران سریتا نے اپنی اراضی دوسروں کو فروخت کردی۔ جس کے پیش نظر شنکر نے اپنی اراضی کو دیگر افراد کے نام پر پٹہ کردینے کا ریونیو عہدیداروں پر الزام عائد کرتے ہوئے گزشتہ دن تحصیلدار مسٹر گوری شنکر کے ساتھ اُلجھ کر بحث و تکرارکی اور دوران بحث و تکرار اپنے ساتھ لے آئے ہوئے پٹرول کو جسم پر چھڑک لے کر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ تاہم وہیں پر موجود سب انسپکٹر پولیس بی وینکنا نے شنکر کو آگ لگالینے سے باز رکھا اور ضروری اقدامات کئے ۔ اسی دوران تحصیلدار دنتالا پلی منڈل مسٹر گوری شنکر نے بتایا کہ معاملہ چونکہ عدالت میں زیر تصفیہ رہنے کی وجہ سے اراضی کے مسئلہ کی یکسوئی فی الوقت ممکن نہیں ہے۔