ریڈکو سے ریاست میں 369 الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنوں کے قیام کا فیصلہ

   

حیدرآباد میں 200 چارجنگ اسٹیشنس، خانگی کمپنیوں سے ٹنڈرس طلب: مشرف فاروقی
حیدرآباد6 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں آلودگی پر قابو پانے الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ ایسے میں حکومت نے ریاست بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ کی سہولت میں اضافہ کے اقدامات کئے ہیں۔ قابل تجدید توانائی ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ریڈکو) نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفرااسٹرکچر میں توسیع کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے۔ کارپوریشن نے ریاست میں 369 پبلک الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنوں کے قیام کیلئے خانگی چارج پوائنٹ آپریٹرس سے ٹنڈرس طلب کئے ہیں۔ ٹنڈرس کے تحت خانگی کمپنیوں کو الیکٹرک چارجنگ سنٹرس قائم کرنے کے علاوہ انہیں چلانا اور ان کے مینٹیننس کو انجام دینا ہوگا۔ الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے معاملہ میں تلنگانہ ملک کی سرکردہ ریاستوں میں شامل ہے۔ الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنوں میں تلنگانہ کو ملک میں چوتھا مقام حاصل ہے۔ ریاست میں الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد میں روز افزوں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے ریڈکو کو ذمہ داری دی کہ ریاست کے اہم مقامات پر الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفرا اسٹرکچر میں توسیع کرے۔ ریڈکو کے نائب صدر نشین و مینجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی آئی اے ایس نے کہا کہ تلنگانہ جغفرافیائی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ کئی قومی شاہراہوں اور اہم ٹرانسپورٹیشن راہداریاں تلنگانہ سے گذرتی ہیں۔ بین ریاستی سفر کے اعتبار سے بھی تلنگانہ منفرد شناخت رکھتا ہے۔ لائیف اسٹائل میں تبدیلی، شہری علاقوں کی توسیع اور شخصی گاڑیوں کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ تلنگانہ میں الیکٹرک وہیکل شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے کئی نامور کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی ۔ ریڈکو نے الیکٹرک وہیکل چارجنگ انفرااسٹرکچر میں توسیع کیلئے طویل مدتی منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت خانگی شعبہ کو اس کام میں شامل کیا جائیگا۔ حیدرآباد میں 200 پبلک الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنوں کے قیام کا منصوبہ ہے جو گریٹر حیدرآباد ، سائبرآباد اور ملکاجگیری میونسپل کارپوریشنوں کا احاطہ کریں گے۔ خانگی کمپنیوں سے 10 سال کا معاہدہ کیا جائے گا۔ تلنگانہ ناردن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی کے حدود میں 169 چارجنگ اسٹیشن 16 مقامات پر قائم کئے جائیں گے جو ورنگل، کھمم، کریم نگر اور نظام آباد متحدہ اضلاع کا احاطہ کرینگے۔ کمپنی سے کامیاب ٹنڈر گذاروں کو سبسیڈی فراہم کی جائیگی۔ چارجنگ اسٹیشنوں پر فی یونٹ 13 روپے چارج کئے جائیں گے اور جی ایس ٹی اضافی رہیگا۔ معاہدہ کی مدت تک چارجنگ کی یہی فیس برقرار رہے گی۔ ریاست کے 169 چارجنگ اسٹیشنوں سے متعلق پراجکٹ کیلئے ماقبل ٹنڈر اجلاس 7 ستمبر کو منعقد ہوگا جبکہ مزید 200 چارجنگ اسٹیشنوں کیلئے علیحدہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ ٹنڈرس کے ادخال کا 8 ستمبر کو آغاز ہوگا اور 22 ستمبر تک مہلت رہے گی۔ تلنگانہ ای ریکیورمنٹ پورٹل پر ٹنڈرس داخل کئے جاسکتے ہیں۔ 1؍F