زبان و شرمگاہ کی حفاظت

   

حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو شخص مجھ کو ضمانت دے دے دو چیزوں کی، ایک جو اس کے جبڑوں کے درمیان ہے اور ایک چیز جو اس کے پیروں کے درمیان ہے، میں اس کو جنت کی ضمانت دیتا ہوں‘‘۔
(رواہ البخاری، باب حفظ اللسان)
یعنی جو شخص میرے سامنے اپنی دو چیزوں کو (معصیت سے محفوظ رکھنے) کی ضمانت دے دے، میں اس کے لئے جنت کی ضمانت دیتا ہوں۔ ایک وہ چیز جو اس کے جبڑوں کے درمیان ہے (یعنی زبان) اور دوسرے وہ چیز جو اس کے ٹانگوں کے درمیان ہے (یعنی شرمگاہ)۔
اس حدیث شریف سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ ان دو چیزوں کی حفاظت کتنی ضروری ہے اور اس کی حفاظت کرنے پر اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم جنت کی ضمانت دے رہے ہیں۔ حقیقت میں جتنی برائیاں وجود میں آتی ہیں، مثلاً جھوٹ، غیبت، چغل خوری، فحش کلامی، گالی گلوج وغیرہ، یہ سب چیزیں زبان سے سرزد ہوتی ہیں اور شرمگاہ سے جو برائیاں وجود میں آتی ہیں، مثلاً زنا وغیرہ تو اکثر برائیوں کا تعلق ان دو چیزوں سے ہوتا ہے۔ اللہ رب العزت کا فرمان ہے ’’اور جو لوگ اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرتے ہیں، اللہ تعالی ان کے لئے مغفرت اور اجر عظیم تیار کر رکھا ہے‘‘ (سورہ ٔالاحزاب) اللہ تعالی سے دعاء ہے کہ ہم سب کو ان دو چیزوں کی حفاظت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)