تکلیف کے باعث 6 ماہ کرکٹ سے دور ہونے کا خدشہ
نئی دہلی : چمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کا اعلان 12 جنوری تک کیا جانا ہے لیکن بڑا سوال یہ ہے کہ کیا اس ٹیم میں جسپریت بمراہ کا نام ہوگا؟ کیا جسپریت بمراہ چمپئنز ٹرافی کھیلیں گے؟ یہ سوال اب اہم ہو گیا ہے کیونکہ ان کے زخم کے حوالے سے صورتحال ابھی تک واضح نہیں ہے۔ چمپئنز ٹرافی میں ان کا کھیلنا یا نہ کھیلنا ان کے زخم اور صحت یابی پر منحصر ہے۔ سڈنی ٹسٹ کے دوران جسپریت بمراہ کی کمر میں جکڑن پیدا ہوئی تھی جس کے بعد انہیں کھیل کو درمیان میں چھوڑ کر میدان سے باہر جانا پڑا اور واپس بھی نہیں آئے جبکہ اس ٹسٹ کی دوسری اننگز میں انہوں نے بولنگ بھی نہیں کی جس کے وجہ سے ہندوستانی ٹیم کو کافی نقصان اٹھانا پڑا تھا ۔ ہندوستان کو چمپئنز ٹرافی میں اپنا پہلا میچ 20 فروری کو کھیلنا ہے لیکن کیا بمراہ تب تک فٹ ہو جائیں گے یہ سوال ہر کوئی پوچھ رہا ہے؟ میڈیا رپورٹس کے مطابق بمراہ جیسی چوٹوں سے دوچار لوگوں اور ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ صرف کمرکی تکلیف ہے جیسا کہ ٹیم انتظامیہ کہہ رہی ہے تو بمراہ چمپئنز ٹرافی تک فٹ رہیں گے لیکن سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی کچھ دوسری رپورٹس کے مطابق اگر یہ گریڈ1 کا زخم ہے تو انہیں کچھ وقت کے لیے ٹیم سے باہر رہنا پڑے گا۔ ایک سابق ہندوستانی بولر جو بمراہ جیسی چوٹوں سے جدوجہد کر رہے ہیں، نے میڈیا نمائندہ کو بتایا کہ سب کچھ چوٹ کی حتمی تحقیقات پر منحصر ہوگا۔ اگر اسٹریس فریکچر نہیں ہوتا ہے تو بمراہ جنوری کے آخر تک میدان میں واپس آئیں گے۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ چمپئنز ٹرافی میں کھیلتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ ہندوستان کے سابق ٹرینر رام جی سری نواسن جنہوں نے بمراہ کی طرح کی چوٹوں سے نمٹا ہے، نے کہا ہیکہ وہ اس بات پر متفق ہیں کہ اگر بمراہ صرف کمر کی سختی سے پریشان ہیں، تو وہ وقت پر فٹ ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بمراہ آسٹریلیا سے اڑان بھرنے سے پہلے زیادہ پریشانی میں نہیں تھے لیکن میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتا کیونکہ اگر چوٹ گریڈ1 سے گریڈ 3 کا اسٹریس فریکچر ہے، تو زخم ٹھیک ہونے میں 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔جو بات یقینی ہے وہ یہ ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز نہیں کھیل رہے ہیں لیکن کیا وہ چمپئنز ٹرافی سے بھی محروم رہیں گے؟ اور اگر وہ6 ماہ کے لیے باہر ہیں تو کیا وہ آئی پی ایل 2025 میں کھیلیں گے یا نہیں؟ کیا شائقین ان کی واپسی صرف انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں دیکھ سکیں گے؟ یہ وہ سوالات ہیں جن کے جواب آنے والے چند دنوں میں مصدقہ طور پر دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔یادرہے کہ بمراہ کے آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹسٹ میں بولنگ نہ کرنے سے ہندوستان کو کافی نقصان ہوا تھا اور اگروہ چمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کریں تو بولنگ کمزور ہوگی ۔