زخمی جیک ہندوستان کی ٹسٹ سیریز سے باہر

   

نئی دہلی۔ انگلینڈ کے بائیں ہاتھ کے اسپنر جیک لیچ بائیں گھٹنے کی تکلیف کے باعث ہندوستان کے خلاف بقیہ ٹسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ حیدر آباد میں ٹسٹ سیریز کے پہلے دن فیلڈنگ کے دوران لیچ کے بائیں گھٹنے میں چوٹ لگی، جہاں وہ باؤنڈری روکنے کے لیے چھلانگ لگانے کے بعد گراؤنڈ سے ٹکرا گئے۔ میچ کے دوسرے دن لیچ کی چوٹ بڑھ گئی، حالانکہ انہوں نے پہلی اننگز میں 26 اوورز کئے تھے لیکن لیچ دوسری اننگز میں 10 اوورز کرنے میں کامیاب رہے اور شریاس ائیر کو آؤٹ کیا اور اس مقابلے میں انگلینڈ نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 28 رنز سے مشہور فتح حاصل کی۔ وہ وشاکھاپٹنم کے ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھرا ریڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے ٹسٹ کے لیے بروقت صحت یاب ہونے میں ناکام رہے، جسے انگلینڈ 106 رنز سے ہارا۔ یہ توقع تھی کہ لیچ دس دن کے وقفے میں فٹ ہو جائیں گے اور15 فروری سے راجکوٹ میں ہندوستان کے خلاف انگلینڈ کے تیسرے ٹسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے لیکن ابوظہبی میں وقفے پر موجود ٹیم کے ساتھ ہی یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ لیچ باقی تین ٹسٹ میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی نہیں کریں گے۔ وہ اگلے 24 گھنٹوں میں ابوظہبی سے گھر روانہ ہوں گے، جہاں انگلینڈ کی ٹیم راجکوٹ میں جمعرات کو شروع ہونے والے تیسرے ٹسٹ سے پہلے ٹھہری ہوئی ہے۔ انگلینڈ کو پیر کو ہندوستان پہنچنا ہے اور تیسرے ٹسٹ سے قبل منگل کو راجکوٹ میں اپنی پریکٹس شروع کرنا ہے، جو اس فارمیٹ میں کپتان بین اسٹوکس کا 100واں ٹسٹ بھی ہوگا۔
انگلینڈ ٹسٹ اسکواڈ: بین اسٹوکس (کپتان)، ریحان احمد، جیمز اینڈرسن، گس اٹکنسن، جونی بیرسٹو، شعیب بشیر، ہیری بروک، زیک کرولی، بین ڈکٹ، بین فوکس، ٹام ہارٹلی، اولی پوپ، اولی رابنسن، جو روٹ اور مارک ووڈ۔