نئی دہلی ۔ نیوزی لینڈ نے ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریزکے لیے ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ نیوزی لینڈ نے زخمی کین ولیمسن کو17 رکنی ٹیم میں جگہ دی ہے لیکن ان کے لیے ٹسٹ سیریز میں کھیلنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ کین ٹیم کے ساتھ ہندوستان کے دورے پر بھی نہیں آرہے ہیں۔ ٹام لیتھم ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ سری لنکا میں ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد ٹم ساؤتھی کی جگہ لیتھم کپتان بن گئے۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 میچوں کی ٹسٹ سیریز 16 اکتوبر کو شروع ہوگی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے ہندوستان کے خلاف اپنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کین ولیمسن اور ٹیم کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کیوی ٹیم جمعہ یعنی11 اکتوبر کو ہندوستان کے دورے پر روانہ ہوگی لیکن، اس دورے پر کین ولیمسن کی پرواز میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے اس کی وجہ ولیمسن کی کمر کی تکلیف بتایا ہے۔ کین ولیمسن سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں عضلات میں جکڑن کا شکار ہو ئے تھے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق وہ اس وقت بحالی کے مرحلے میں ہیں جس کی وجہ سے وہ باقی ٹیم کے ساتھ ہندوستان نہیں آئیں گے۔ اس کا مطلب ہے کہ بنگلورو میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹسٹ میں کین ولیمسن کے کھیلنے کی امید نہیں ہے۔ لیکن ٹسٹ سیریز میں ان کے مزید کھیلنے کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ، اس بارے میں کوئی خبر نہیں ہے کہ وہ کمرکی چوٹ سے کب صحت یاب ہو سکیں گے ۔ نیوزی لینڈکرکٹ بورڈ نے صرف مستقبل کے میچوں کے لیے ان کی صحت یابی کی امید ظاہرکی ہے۔ کین ولیمسن کے زخمی ہونے پر پیدا ہونے والے تجسس کا نتیجہ یہ ہے کہ مارک چیپ مین کو دورہ ہند کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں محفوظ کھلاڑی کے طور پر رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مائیکل بریسویل بھی صرف ایک ٹسٹ کے لیے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ سیریز کے پہلے ٹسٹ کے بعد وہ بچے کی پیدائش کے لیے وطن واپس پہنچیں گے۔ ایش سودھی کو دوسرے اور تیسرے ٹسٹ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ہندوستان کے دورے کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں سے زیادہ تر وہی چہرے ہیں جنہوں نے حال ہی میں سری لنکا میں ٹسٹ سیریز کھیلی تھی۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹسٹ 16 اکتوبر کو بنگلورو، دوسرا ٹسٹ 24 اکتوبر کو پونے میں جبکہ تیسرا ٹسٹ یکم نومبر کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔