متنازعہ بل کو فوری واپس لینے کا مطالبہ، نرسا پور میں دھرنا پروگرام سے علماء کا خطاب
نرسا پور۔ زرعی بل کے خلاف جاری ملک گیر بند کے موقع پر آج جمعیۃ العلماء نرسا پور نے بند میں حصہ لیا اور کسانوں سے اظہار ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر احتجاج میں شرکت کی۔ کسانوں کی حمایت اور ملک کے مفادات کے حق میں جمعیۃ العلماء کی اپیل پر جمعیۃ العلماء نرسا پور نے چوراہا نرسا پورپر منعقدہ احتجاجی پروگرام میں شرکت کی اور اپنے وجود کا احساس دلاتے ہوئے کسانوں اور ملک کے حق میں صدائے احتجاج کو بلند کیا۔ کسان ہماری معیشت کا اہم حصہ ہے اور کسان ہماری ریڑھ کی ہڈی ہے کا نعرہ دیتے ہوئے کسانوں کو نظرانداز کرنے اور زرعی شعبہ کو تباہ کرنے کی ہر وہ کوشش کے خلاف مرکزی حکومت کو آگاہ کیا اور فوری طور پر اس متنازعہ بل کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے زرعی شعبہ کو مستحکم بنانے اور کسانوں کو راحت فراہم کرنے کی خواہش کی ۔ اس پروگرام میں صدر جمعیۃ الحفاظ حافظ عبدالجبار خاں، معتمد عمومی حافظ شیخ منیر المعروف مفتی، مولانا اعظیم الدین ، مولانا مکثر حسین ،حافظ قاضی معز الدین، نائب صدر مارکٹ کمیٹی نرسا پور حبیب خاں، نائب صدر نشین مجلس بلدیہ نرسا پور نعیم الدین، رکن اسمبلی مدن ریڈی، محمد منصور زیڈ پی ٹی سی کوآپشن ممبر میدک، سابق وزیر سنیتا ریڈی ، اشوک گوڑ و دیگر موجود تھے۔